سپریم کورٹ نے وزارت مذہبی امور کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست نمٹادی ، نئے ٹور آپریٹرز کوکوٹہ الاٹ کرنے کاحکم

جمعہ 21 اپریل 2017 17:55

سپریم کورٹ نے وزارت مذہبی امور کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست نمٹادی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء) سپریم کورٹ نے حج کوٹہ الاٹمنٹ کے حوالے سے مقدمہ میں نئے ٹور آپریٹرز کوکوٹہ الاٹ کرنے کاحکم جاری کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست نمٹادی ہے اورکہاہے کہ نئے ٹور آپریٹرز کو قانون کے مطابق میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کوٹہ الاٹمنٹ میں شامل کیا جائے ۔

جمعہ کوجسٹس اعجازافضل کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقراورجسٹس مظہرعالم میاں خیل پرمشتمل تین رکنی بنچ نے عدالتی فیصلہ کے باوجود کوٹہ نہ ملنے کیخلاف ٹوراپریٹرزکی جانب سے دائرتوہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر ٹورآپریٹرزکے وکیل بیرسٹرسید علی ظفرنے پیش ہوکرموقف اپنایاکہ نئے ٹورآپریٹرزکوٹہ نہ دیا جانا عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی ہے حالانکہ حکومت نے حج مافیا کے ساتھ 50 فیصد کوٹے کا معاہدہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

مختلف ٹورآپریٹرکی جانب سے ایڈووکیٹ عابد زبیری نے پیش ہوکرعدالت کوبتایاکہ کوٹہ الاٹمنٹ کمیٹی کا فیصلہ متفقہ ہونا ضروری تھا کیونکہ مسابقتی کمیشن نے نجی آپریٹرز کا کوٹہ پچاس فیصد کرنے کی سفارش کی تھی۔ سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی نے پیش ہوکرموقف اپنایاکہ عدالتی فیصلے کے مطابق کمیٹی کا متفقہ فیصلہ ضروری نہیں، عدالتی حکم کی روشنی میں نئے ٹورآ پریٹرز کی دوبارہ سکروٹنی کی جائے گی،جس پرجسٹس اعجازافضل نے ان سے استفسارکیاکہ سکروٹنی نئے ٹورآپریٹرزکی رجسٹریشن کے وقت کیوں نہیں کی گئی۔

بعدازاں عدالت نے کیس کافیصلہ سناتے ہوئے نئے حج ٹور آپریٹرز کو حج کوٹہ میں شامل کرنے کاحکم جاری کردیا۔ عدالت نے وزارت مذہبی امور کیخلاف دائرتوہین عدالت کی درخواست نمٹاتے ہوئے بتایاکہ کیس کاتفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیاجائے گا۔