شریف برادران کی یہ بھول ہے انہیں عدالتی فیصلے سے کوئی مہلت مل گئی ہے،حلیم عادل شیخ

وزیراعظم اپنے صاحبزادوں کے ہمراہ جے آئی ٹی کے سامنے پیشیاں بھگتنے کے لیے تیار ہوجائیں ،رہنما تحریک انصاف

جمعہ 21 اپریل 2017 17:23

شریف برادران کی یہ بھول ہے انہیں عدالتی فیصلے سے کوئی مہلت مل گئی ہے،حلیم ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2017ء) تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ شریف برادران کی یہ بھول ہے کہ انہیں عدالتی فیصلے سے کوئی مہلت مل گئی ہے ،زیراعظم اب اپنے صاحبزادوں کے ہمراہ جے آئی ٹی کے سامنے پیشیاں بھگتنے کے لیے تیار ہوجائیں ،قومی دولت اور وسائل کا بیڑہ غرق کرنے والوں کا انجام اس سے زیادہ بھیانک اور کوئی نہیں ہوسکتا،عادل ہاوس سے جاری بیان میں حلیم عادل شیخ کاکہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے کیس کا سارا دارومدار قطری خط پر تھا جسے مسترد کردیا گیاہے جس سے وہ اب دفاعی پوزیشن میں چلے گئے ہیں جو نہ صرف تحریک انصاف اور عوام کی جیت ہے بلکہ اس ملک کی دولت کو لوٹنے والے اپنے منطقی انجام کے قریب پہنچ چکے ہیں،انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف اس ملک سے کرپشن کا ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خاتمہ کردے گی،اور بہت جلد عوام کا اس ملک کی بدعنوان پارٹیوں سے تعلق ختم ہوجائے گا،آئندہ چند روز میں ملک کی سیاست کا نقشہ بدل جائے گا اور تحریک انصاف اس ملک کی سب سے مقبول اور بڑی جماعت بن کر ابھرے گی ، انہوں نے کہاکہ نواز لیگ کی حکومت نے ملک کے تمام اداروں کو تباہی کے دہانے پرپہنچادیاہے ،شریف برادران نے اپنے چار سالوں میں اس ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے کے سوا کوئی کارنامہ انجام نہ دیاہے،ان لوگوں نے ہمیشہ سول ملٹری تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جبکہ ہم نے ہمیشہ ملکی سا لمیت اور بقاء کے لیے کوششیں کی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اب بھی ہمارا یہ ماننا ہے کہ ہمیں ثبوت دینے یا لینے سے کوئی غرض نہیں ہے شریف فیملی کی کرپشن کا شور بچے بچے کی زبان پر موجود ہے ،یہ شریف خاندان کی خواہش ہے کہ ان کی رسوائی قومی سطح سے نکل کر دنیابھر میں پھیل جائے جبکہ عقلمندی یہ ہے کہ وزیراعظم فوری طورپر استعفیٰ دیں اور جلد سے جلد اس قوم کی جان چھوڑ دیں۔