جان کو خطرہ ،ڈاکٹر عاصم حسین نے بوٹ بیسن تھانے میں مقدمہ درج کرادیا

وکیل سے ملنے جارہا تھا سیاہ رنگ کی گاڑی نے پیچھا کیا ،دشمن مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں ،سابق مشیر پٹرولیم

جمعہ 21 اپریل 2017 17:23

جان کو خطرہ ،ڈاکٹر عاصم حسین نے بوٹ بیسن تھانے میں مقدمہ درج کرادیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹر عاصم حسین نے اپنی جان کے خطرے کے پیشِ نظر بوٹ بیسن تھانے میں مقدمہ درج کرادیاہے۔تفصیلات کے مطابق سابق مشیر پٹرولیم اورپاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹر عاصم حسین نے بوٹ بیسن تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایاہے۔

درخواست میں ڈاکٹر عاصم نے موقف اختیار کیا ہے کہ میں گزشتہ روز کلفٹن ضیاالدین اسپتال سے وکیل سے ملنے کلفٹن تین تلوار جا رہا تھا۔ میری گاڑی جیسے ہی بوٹ بیسن چورنگی کی طرف بڑھی تو پیچھے سے سفید رنگ کی ڈبل کیبن جیپ میری سائڈ پر آئی ۔جیپ کے شیشے سیاہ تھے ، کچھ لوگ سوار تھے جن کو شناخت نہیں کرسکا۔جیپ کے پیچھے سیاہ رنگ کی کار آئی، جو شاید ٹویوٹا کرولا تھی ۔

(جاری ہے)

کار میں چار مسلح افراد سوار تھے۔اس کار میں ایک شخص جسکے ہاتھ میں پستول تھا، سیدھا کر کے میری طرح اشارہ کیا جس طرح مجھے گولی مار دے گا۔ میں خوفزدہ ہوگیا ، میں اپنے ڈرائیور کو گاڑی کی رفتار بڑھانے کو کہا یہ وہی شخص تھا جب مجھے گرفتار کر کے گلبرگ تھانے کے لاک اپ میں لایا گیا تھا تو یہ وہاں نظر آیا تھا ۔ اس دوران میرا اسکواڈ بھی پیچھے سے آگیا جس کی وجہ سے گو گاڑیاں پنجاب چورنگی کی جانب روانہ ہوگئیں۔ میںگاڑیوں کی نمبر پلیٹ واضح نہ ہونے کے سبب دیکھ نہ سکا مجھے یقین ہے کہ یہ لوگ میری جان کے دشمن ہیں مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں۔پولیس نے ڈاکٹرعاصم حسین کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔