نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں، طلباء مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے خود کو تیار رکھیں

منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی مسعود ملک کا اصغر مال کالج میں تقریب تقسیم انعامات سے خطاب

جمعہ 21 اپریل 2017 17:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء)) منیجنگ ڈائریکٹر ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان مسعود ملک نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہونا چاہیئے۔ وہ جمعہ کو وزیر اعلیٰ پنجاب تقریر، مباحثہ، مضموں نگاری و قرات کے سلسلے میں اصغر مال کالج کے زیر اہتمام تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ادیب و سینئر صحافی جواد مرزا، پرنسپل خوشی محمد ناصر،وائس پرنسپل الطاف حسین، الیاس قریشی، چئیرمین ادبی کمیٹی روش ندیم، پروفیسر عرفان یاوراور پروفیسر باقر وسیم بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی مسعود ملک نے کہا کہ نوجوان نسل کی کامیابی اور لگن کو دیکھ کر روحانی خوشی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں اورطالب علموں کو سیاسی سرگرمیوں میں دلچسپی لینے کی بجائے تعلیم پر خصوصی توجہ دینی چاہیے جس سے معیارتعلیم بڑھے گا جبکہ اصغر مال کالج ایک ایساادارہ ہے جس نے بہترین تعلیمی معیار کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

مسعود ملک نے کہا کہ طلبہ کو اپنے والدین اور اساتذہ کی محنت کا پاس رکھتے ہوئے سخت محنت کرنی چاہیئے اور ان کی توقعات پر پورا اترنا چاہئیے۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ اپنے آپ کو آنے والے چیلنجز کیلئے تیار رکھیں۔ ادیب و سینئر صحافی جواد مرزا نے کہا کہ نئی نسل خصوصی طور پر طالب علموں کو محنت کے ساتھ اپنے حصے کا کام کرنا چاہیے اور پھر اللہ سے رجوع کریں گے تو کامیابی ہوگی۔

گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے پرنسپل خوشی محمد ناصر نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت اس سال 40 پوزیشن ہولڈر طلبہ کو ساڑھے تین لاکھ روپے کے کیش انعامات تقسیم کئے گئے، اساتذہ نے ٹیلنٹ پول پروگرام کے تحت طلبہ کو تربیت دی اور مقابلہ جات میں حصہ دلوایا۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی مسعود ملک نے طلبہ کو سرٹیفکیٹس اور شیلڈز تقسیم کیں جبکہ سینئر صحافی جواد مرزا اور پرنسپل خوشی محمد ناصر بھی ان کے ہمراہ تھے ، کالج انتظامیہ کی جانب سے ایم ڈی اے پی پی مسعود ملک کو گلدستہ پیش کیا گیا۔