شہید بینظیر آباد ڈویڑن میں 25 اپریل سے چھٹی مردم شماری شروع ہوگی

جمعہ 21 اپریل 2017 17:05

شہید بینظیر آباد ڈویڑن میں 25 اپریل سے چھٹی مردم شماری شروع ہوگی
نواب شاہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء) کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویڑن ڈاکٹر وسیم شمشاد نے کہا ہے کہ تمام محکمے مردم شماری کے عملے کے ساتھ تعاون کریں۔ وہ جمعہ کو چھٹی مردم شماری کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی شہید بینظیرآباد اقبال دارا، ایس ایس پی سانگھڑ ڈاکٹر فرخ لنجار، ایس ایس پی نوشہروفیروز پرویز چانڈیو، ایس ایس پی شہید بینظیر آباد تنویر حسین تنیو، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ عمر فاروق بلو، ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد محمد نعمان صدیق لاٹکی، پاک آرمی کے کرنل امجد، کرنل سہیل کے علاوہ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، ڈائریکٹر ایجوکیشن اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے محکمہ مردم شماری کے اسسٹنٹ کمشنر منورعلی نے بتایا کہ شہیدبینظیرآباد ڈویڑن میں 25 اپریل سے مردم شماری شروع ہورہی ہے اور چھٹی مردم شماری کا پہلا فیزبخوبی سرانجام دیا جا چکا ہے جبکہ دوسرا فیز 25 اپریل سے شروع ہو رہا ہے جس کے لئے ضلع اور تعلقہ سطح پر اسٹاف کی تعیناتی ہوچکی ہے، شہید بینظیر آباد ڈویڑن میں مردم شماری کے 15 اضلاع، 78 سینسز چارجز، 450 سرکل اور 3560 بلاک قائم کئے گئے ہیں ڈویڑنل اور ضلع سطح پر کنٹرول روم اور شکایتی مراکز قائم کردیئے گئے ہیں اور متعلقہ عملے کو مطلوبہ سامان اور نقشے فراہم کر دیئے گئے ہیں، پہلے مرحلے میں 25 اپریل سے 27 اپریل تک گھروں کی خانہ شماری ہو گی اور 28 اپریل سے 7 مئی تک مردم شماری ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع شہیدبینظیرآباد میں 1188 بلاک، 140 سرکل اور 20 چارجز قائم کئے گئے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ مردم شماری کا مرحلہ تمام اہم ہے، تمام محکمے مردم شماری میں تعاون کریں اور سہولت فراہم کریں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری کے فیلڈ عملے کو شدید گرمی اور لو سے بچانے کے لئے ہیٹ اسٹروک مراکز قائم کئے جائیں اور بنیادی صحت مراکز اور تعلقہ اسپتالوں میں ٹائم بڑھا کر شام 5 بجے تک کھلا رکھا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مردم شماری کے فارم بھرنے کے لئے پینسل کا استعمال ہرگز نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے عملے کے نہ پہنچنے کی شکایات ڈویڑنل کمشنر اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے آفس میں قائم کنٹرول روم پر درج کرائیں۔

متعلقہ عنوان :