خطرناک قرار دئیے گئے 178 سرکاری سکولز کی مرمت کا کام رواں ماہ مکمل کر لیا جائے گا

جمعہ 21 اپریل 2017 17:04

راولپنڈی۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء)ضلع راولپنڈی کے سرکاری سکولز کی خطرناک قرار دی گئی 178 عمارات کی مرمت کا کام رواں ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا ۔ذرائع نے ’’اے پی پی ‘‘کو بتایاکہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے ضلع راولپنڈی میں سرکاری سکولز کی خطرناک قرار دی گئی عمارتوں کی مرمت کاکام 30اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر کام جاری ہے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے 30 اپریل تک ضلع راولپنڈی کے سرکاری سکولز کی تمام بوسیدہ اور خطرناک عمارتوں کی تعمیرو مرمت کا کام ہر حال میں مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی ۔ان سکولز کی تعمیر ومرمت کے علاوہ چاردیواری اور مزید کمروں کی تعمیر کے لیے حکومت پنجاب نے 599 ملین کا بجٹ منظور کیا تھا جس میں سے 297ملین بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کو منتقل کر دیے گئے تھے ۔ دوسری جانب ذرائع نے مزید بتایاکہ خطرناک قرار دی گئی عمارات کی مرمت کے کام کا تاحال جائزہ نہیں لیا جا سکا جس کی وجہ سے مرمت کاکام مقررہ مدت تک پایہ تکمیل تک نہ پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔