پی ٹی آئی وزیراعظم کے استعفے پر ڈٹ گئی، پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

جمعہ 21 اپریل 2017 17:01

پی ٹی آئی وزیراعظم کے استعفے پر ڈٹ گئی، پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2017ء) تحریک انصاف وزیراعظم کے استعفے پر ڈٹ گئی، پنجاب اسمبلی میں بھی قرارداد جمع ، قرارداد عمران خان کی ہدایت پر اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے جمع کرائی۔

(جاری ہے)

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پانامہ پیپرز کیس میں سپریم کورٹ کے دوسینئرترین ججوں کے فیصلے کے مطابق میاں محمد نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے اور عدالت عظمیٰ کی طرف سے دیئے گئے 10نکات پر جے آئی ٹی کی تحقیقاتی رپورٹ پر سپریم کورٹ کے فیصلے تک انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے وزیراعظم اپنے عہدہ سے فی الفورمستعفی ہو جائیں۔

بعدازاں پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ وزیراعظم کے استعفیٰ کے معاملے پر پنجاب میں گرینڈ الائنس بنائیں گے اس سلسلے میں پیپلزپارٹی، مسلم لیگ قائداعظم اور جماعت اسلامی سے رابطے جاری ہیں آئندہ ہفتے گرینڈ الائنس کا حتمی اعلان کرینگے۔ میاں محمود الر شید نے کہا کہ پانامہ پر عدالتی فیصلہ تسلیم کیا لیکن وزیراعظم کے استعفے تک جے آئی ٹی کو کام کرنے نہیں دیں گے۔