سندھ ہائی کورٹ کا وفاقی سیکرٹری داخلہ کو لاپتہ افراد کے حوالے سے فوکل پرسن تعینات کرنے کا حکم

جمعہ 21 اپریل 2017 17:01

سندھ ہائی کورٹ کا وفاقی سیکرٹری داخلہ کو لاپتہ افراد کے حوالے سے فوکل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو لاپتہ افراد کے حوالے سے فوکل پرسن تعینات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی ہے ۔جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس شفیع صدیقی پر مشتمل دو رکنی بینچ کی عدالت میں لاپتہ افراد کے کیسز میں وفاق کی جانب سے جواب داخل کرنے میں تاخیر سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت میں وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ بلال احمد انجینئر تھا اور 2015 سے لاپتہ ہے ۔

(جاری ہے)

عدالت کے حکم پر رینجرز کیخلاف ایف آئی آر بھی درج کی جا چکی ہے اس کیس میں وزارت داخلہ کی جانب سے آج تک جواب جمع نہیں کرایا گیا۔ وزارت میں عدالت کا حکم اتنے ہاتھوں میں جاتا ہے کہ اگلی سماعت آجاتی ہے لیکن جواب داخل نہیں ہوپاتا ۔عدالت نے وکیل صفائی کا موقف سنتے ہوئے وفاقی سیکریٹری داخلہ کو لاپتہ افراد کے حوالے سے فوکل پرسن مقرر کرنے کا حکم دے دیا عدالت کا کہنا تھا کہ فوکل پرسن تمام عدالتی احکامات وصول کرکے ان پر بروقت عمل درآمد کرانے کا پابند ہوگا ۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :