کشمیریو ں کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے، آسیہ اندرابی

جمعہ 21 اپریل 2017 16:57

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا کہ کشمیریوں کی بھارت کی طرف سے بدترین ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیرکو مکمل طور پر ایک پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر کے نہتے کشمیریوں کو بھارتی فورسز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا جذبہ آزادی کمزور پڑنے کے بجائے روز بہ روز بڑھ رہا ہے جس نے بھارت کو بوکھلاہٹ کا شکار کر دیا ہے۔ آسیہ اندرابی نے کہا کہ نام نہاد انتخابات کے دن 8نوجوانوں کو شہید جبکہ ڈیڑھ سو کے لگ بھگ کو زخمی کیا گیااور مظالم اور جبر و استبداد کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی بے گناہ لوگوں کے قتل پر مگر مچھ کے آنسو بہا رہی ہیں ۔

آسیہ اندرابی نے کہا کہ ایک طرف سے بیگناہ نوجوانوں کو قتل کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف کشمیریوں سے پرامن احتجاج کا حق بھی چھین لیا گیا ہے۔ انہوں نے کولگام کے رہائشی مظفر احمد شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جو 9اپریل کو نام نہاد انتخابات کے روز بھارتی فورسز کی فائرنگ سے گاندر بل میں زخمی ہوا تھااور چند روز قبل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔