اساتذہ کی تذلیل برداشت نہیں کریں گے، پی ایس ٹی اساتذہ کی اپ گریڈ یشن میں تاخیر ناقابل برداشت ہے، مولانا عبدالسلام

جمعہ 21 اپریل 2017 16:53

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء) آل ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع مانسہرہ کے صدر مولانا عبدالسلام نے کہا ہے کہ مانیٹرنگ کے نام پر اساتذہ کی تذلیل ناقابل برداشت ہے، پی ایس ٹی اساتذہ کی اپ گریڈ یشن میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، پی ایس ٹی اساتذہ کے سکیل 13 میں پروموشن کے بقایا جات ابھی تک ادا نہیں کئے گئے، ان کو فی الفور ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اساتذہ کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکول گرانٹ کے پیسے حکومت خود خرچ کرے، اساتذہ ٹھیکیدار نہیں بلکہ پیغمبرانہ پیشہ سے تعلق رکھتے ہیں، اساتذہ صرف نونہالان قوم کی تدریس کا کام کر کے سکول کی تعمیر کے کام کیلئے ٹھیکیدار مقرر کئے جائیں، اساتذہ سے بیگار نہ لی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مکتب سکول میں اساتذہ کی تعداد کو بڑھایا جائے، اگر ملک کو پڑھا لکھا پاکستان بنانا ہے تو اساتذہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی، اساتذہ کو ان کا جائز مقام دینا ہو گا، اساتذہ کو مردم شماری کی ڈیوٹی میرٹ پر دی جائے اور اساتذہ آئوٹ آف چلڈرن سکول پر ڈیوٹی کی تھی ان کا معاوضہ جلد از جلد ادا کیا جائے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کو جلد از جلد ٹائم فراہم کیا جائے، اگر اساتذہ کی اس طرح مزید حوصلہ شکنی کی جاتی رہی تو اساتذہ سخت احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔ اجلاس میں مردم شماری کی ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے ٹیچر عبدالقادر کیلئے دعا مغفرت کی گئی اور ان کے لواحقین کو فی الفور معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔