دو ماہ کی مہلت کو فتح سمجھنا مضحکہ خیز ہے، جشنِ فتح منانے والی ن لیگ دو ماہ بعد سوگ منائے گی‘صاحبزادہ حامد رضا

وزیر اعظم کے ماتحت افسران آزادی کیساتھ تحقیقات نہیں کرسکتے تحقیقات مکمل ہونے تک نواز شریف وزیر اعظم کا منصب چھوڑ دیں

جمعہ 21 اپریل 2017 16:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2017ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو استعفیٰ پر مجبور کرنے کیلئے مظاہرے کئے جائیں گے، نواز شریف کے استعفیٰ کے مطالبے پر اپوزیشن متحد ہے، پاناما کیس کے فیصلے میں کسی ایک جج نے بھی نواز شریف کا صادق اور امین ہو نا تسلیم نہیں کیا، دو ماہ کی مہلت کو فتح سمجھنا مضحکہ خیز ہے، جشنِ فتح منانے والی ن لیگ دو ماہ بعد سوگ منائے گی، اب ہر طرف گو نواز گو کا نعرہ گونجے گا،ججز نے جے آئی ٹی ہی بنانی تھی تو فیصلہ تاخیر سے کیوں کیا،وزیر اعظم کے ماتحت افسران آزادی کیساتھ تحقیقات نہیں کرسکتے اس لئے تحقیقات مکمل ہونے تک نواز شریف وزیر اعظم کا منصب چھوڑ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاناما کیس کے فیصلے پر غور کیلئے ہونے ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے نئے اتحاد کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ ن لیگ نے بینرز لگاکر عدلیہ کہ خوف زدہ کرنے کی کوشش کی۔ حکمران خاندان کے دفاع کیلئے حکمران خاندان کی پریس کانفرنسیں کرنا غیر قانونی ہے۔ عدلیہ نے قطری خط او ر منی ٹریل کو مسترد کردیا ہے۔

سپریم کورٹ کے دو سینئر ترین ججز نے نواز شریف کے صادق اور امین نہ ہونے کا فیصلہ دیا ہے جبکہ تین ججز نے کہا ہے کہ ذرا مزید تحقیق کرلیں۔ اس صورت حال میں ن لیگ کا یوم تشکر کا کو ئی جواز نہیں ۔ اب وزیر اعظم کو مجرم کے طور پر جے آئی ٹی میں پیش ہونا پڑے گا اور یہ تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے۔ اجلاس میں مفتی محمد حبیب قادری، سید جواد الحسن کاظمی، صاحبزادہ حسن رضا، ملک بخش الٰہی، میاں فہیم اختر ، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مولانا اکبر نقشبندی، صاحبزادہ مطلوب رضا، صاحبزادہ بیرسٹر حسین رضا ، چوہدری نثا ر علی ایڈووکیٹ اور ارشد مصطفائی نے بھی شرکت کی۔