پی ٹی آئی کی وزیراعظم نوازشریف کےاستعفیٰ کیلئے پنجاب اسمبلی میں قراردادجمع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 21 اپریل 2017 16:06

پی ٹی آئی کی وزیراعظم نوازشریف کےاستعفیٰ کیلئے پنجاب اسمبلی میں قراردادجمع
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔21اپریل2017ء) : تحریک انصاف نے وزیراعظم نوازشریف کے استعفیٰ کیلئے پنجاب اسمبلی میں قراردادجمع کروادی،قراردادعمران خان کی ہدایت پراپوزیشن لیڈرمیاں محمودالرشیدنے جمع کروائی گئی۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پانامہ پیپرز کیس میں سپریم کورٹ کے دوسینئرترین ججوں کے فیصلے کے مطابق میاں محمد نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے اور عدالت عظمیٰ کی طرف سے دیئے گئے 10نکات پر جے آئی ٹی کی تحقیقاتی رپورٹ پر سپریم کورٹ کے فیصلے تک انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے وزیراعظم اپنے عہدہ سے فی الفورمستعفی ہو جائیں۔

بعدازاں پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ وزیراعظم کے استعفیٰ کے معاملے پر پنجاب میں گرینڈ الائنس بنائیں گے اس سلسلے میں پیپلزپارٹی، مسلم لیگ قائداعظم اور جماعت اسلامی سے رابطے جاری ہیں آئندہ ہفتے گرینڈ الائنس کا حتمی اعلان کرینگے۔ میاں محمود الر شید نے کہا کہ پانامہ پر عدالتی فیصلہ تسلیم کیا لیکن وزیراعظم کے استعفے تک جے آئی ٹی کو کام کرنے نہیں دیں گے۔