Live Updates

سفید ٹوپی والے مولوی نے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف میں نکاح پڑھا دیا ہے، عابد شیر علی

جمعہ 21 اپریل 2017 16:27

سفید ٹوپی والے مولوی نے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف میں نکاح پڑھا دیا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2017ء) وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاناما فیصلہ کے بعد سفید ٹوپی والے مولوی نے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف میں نکاح پڑھا دیا ہے، پیپلزپارٹی اپنی جے آئی ٹی چاہتی ہے جس کا سربراہ آصف زرداری اور ممبران ایان علی ،شرجیل میمن ہوں۔ انہوں نے قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپریل کا دن پاکستان کے عوام کے لئے خوشی کا دن تھا،گزشتہ روز حق اور سچ کا فیصلہ آیا اور ہماری بہن مریم نواز کو کلین چٹ مل گئی جس سے ثابت ہوگیا کہ ان کا دامن صاف ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاناما کیس نے ایک دوسرے کے دشمن پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کو آپس میں جوڑ دیا اور سب مل کر ہمارے خلاف ہو گئے ہیں لیکن اپوزیشن جماعتیں کچھ بھی کرلیں، 2018 کے انتخابات میں (ن) لیگ ہی کامیاب ہو گی اور نوازشریف ہی ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی سر سے پاؤں تک کرپشن میں ڈوبی ہوئی ہے جب کہ پی پی رہنماؤں کا وطیرہ ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کو نہیں مانتی، اور عدالتوں کا احترام نہیں کرتی۔ اب انہوں نے ملک کی سب سے بڑی عدالت کی جانب سے جے آئی ٹی کے فیصلے کو بھی ماننے سے انکار کردیا ہے، پیپلزپارٹی اپنی جے آئی ٹی تشکیل دے اور اس کا سربراہ آصف زرداری کو بنا کر ایان علی اور شرجیل میمن کو اس کا ممبر بنا دیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات