حکومت عازمین حج کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہے ،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار اور برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک علاقائی اور عالمی سطح پر باہمی مفاد کے تمام ایشوز پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں

ْوزیر اعظم محمد نوازشریف کی سعودی عرب کے لئے نامزد سفیر وائس ایڈمرل (ر) خان ہشام سے گفتگو

جمعہ 21 اپریل 2017 16:08

حکومت عازمین حج کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہے ،پاکستان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء) وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ میری حکومت عازمین حج کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہے ، گزشتہ سال حج انتظامات اطمینان بخش رہے ۔ جمعہ کو یہاں سعودی عرب کے لئے نامزد سفیر وائس ایڈمرل (ر) خان ہشام کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے حج کے دوران پاکستانی حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ آئندہ حج کے لئے انتظامات کی ذاتی نگرانی کریں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار اور برادرانہ تعلقات ہیںدونوں ممالک علاقائی اورعالمی سطح پر باہمی مفاد کے تمام ایشوز پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور پاکستان نے آزمائش کی ہر گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی عوام سعودی عرب کے ساتھ جذباتی وابستگی رکھتے ہیں جو الحرمین الشریفین کامحافظ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی برادری کی بہبود بالخصوص ان کے لئے قونصلر سروسز کی رسائی پر توجہ دی جائے ۔ انہوںنے سفیر سے کہا کہ وہ پاکستانی برادری کے ساتھ باقاعدہ رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے بروقت حل میں مدد دیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ بڑی تعداد میں پاکستانی کارکن سعودی عرب میں روزگار کما رہے ہیں جنہیں ہر طرح سہولت ملنی چاہیے۔ انہوں نے سفیر سے کہاکہ وہ بیرون ملک پاکستانیوں کی فلاح کے لئے انتہائی لگن سے کام کریں اور خاص کران کے بچوں کی تعلیم پر توجہ دیں۔