دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے پاکستان تمام علاقائی اور عالمی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، اس سلسلے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی تعاون ہے،صدر مملکت ممنون حسین کی سعودی عرب کے لیے نامزد سفیر وائس ایڈمرل(ریٹائرڈ)خان ہشام بن صدیق سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 21 اپریل 2017 15:39

دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے پاکستان تمام علاقائی اور عالمی کوششوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اپریل2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے پاکستان تمام علاقائی اور عالمی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، اس سلسلے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی تعاون ہے۔ صدر مملکت نے یہ بات سعودی عرب کے لیے نامزد سفیر وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ)خان ہشام بن صدیق سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے آج ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے نامزد سفیر کو نئی ذمہ داری ملنے پر مبارک باد دی اور توقع ظاہر کی کہ اپنی بہترین صلاحیتوں سے کام لے کر دونوں برادر ملک انتہائی قریبی دوستانہ تعلقات میں مزید گہرائی اور گرم جوشی پید ا کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملک تمام عالمی اور علاقائی معاملات میں یکساں موقف رکھتے ہیں اور عالمی فورموں پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں جو دونوں برادر ملکوں کے درمیان انتہائی قریبی اور برادرانہ تعلقات کو ظاہر کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری پر متوجہ کریں اور باہمی تجارت کی میں مزید اضافے کے لیے کام کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانوں کی فلاح و بہبود کو ترجیحات میں رکھاجائے اور پاکستانیوں کے ساتھ قریبی روابط استوار کر کے ان کے مسائل کے حل کے لیے کام کیا جائے۔ انھوں نے مدینہ منورہ میں مقیم پاکستانی بچوں کی تعلیم کے معاملے میں خصوصی دلچسپی لینے کی ہدایت کی۔ نامزد سفیر وائس ایڈمرل(ر)خان ہشام بن صدیق نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے ان پر جو اعتماد کیا ہے، اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔