کراچی، ٹریفک کے جان لیوا حادثات میں اضافہ ہوگیا

ایک سال میں 31ہزار حادثات میں سے 80فیصد کا شکار موٹر سائیکل سوار ہوئے، رپورٹ

جمعہ 21 اپریل 2017 15:23

کراچی، ٹریفک کے جان لیوا حادثات میں اضافہ ہوگیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2017ء) کراچی میں ٹریفک حادثات میں سر کی چوٹ لگنے کے باعث زخمیوں کی تعداد میں اضافہ تشویشناک حد تک بڑھ گیا، ٹراما سینٹرز کی کمی اور بروقت طبی امداد نہ ملنے سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں۔کراچی میں ٹوٹی پھوٹی سٹرکیں اور بے ہنگم ٹریفک تو ہے ہی لیکن تیز رفتار ی سے گاڑی اور موٹر سائیکل چلانے والے بھی کسی سے کم نہیں،ٹریفک حادثات پر کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم کے مطابق کراچی میں ایک سال میں 31 ہزار حادثات میں سے 80 فیصد کا شکار موٹر سائیکل سوار ہوئے۔

دوسرے نمبر پر بسوں میں لٹک کر سفر کرنے والے شامل ہیں،ان میں زیادہ تر لوگوں کو سر پر شدید چوٹیں آتی ہیں۔جناح اسپتال میں ایک مخصو ص نیو رو ٹراما سینٹر ہے جہاں یومیہ تین سے چار سو سر پر چوٹ لگنے کے زخمی لائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

شعبہ نیو رو کے سربراہ ڈاکٹر رضا خیرات کے مطابق ٹریفک حادثے کے بعد اگلا ایک گھنٹہ انسان کی زندگی کے لیے انتہائی اہم ہوتا ہے، بدقسمتی سے ملک میں نیورو ٹراما یونٹ نہ ہونے کے باعث اکثر لوگ زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔

بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کے پیش نظرجناح اسپتال کے نیو رو ٹراما وارڈ میں ہر ماہ دو سو سے زائد سر کی مختلف نوعیت کی سرجریز کی جارہی ہیں، شہر کی ضرورت کے لحاظ سے یہ وارڈ انتہائی ناکافی ہے۔اسپتال کے نیو رو یونٹ میں انتہائی نگہداشت کاشعبہ بھی بنایا گیا ہے ،جبکہ فالج اورحادثے کے بعد لوگوں کو زندگی کی طرف دوبارہ لانے کے لئے بحالی مرکز اور مخصوص وارڈ بھی بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

سر پر چوٹ لگنے کے باعث مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے، ایک جانب پاکستان کے واحد نیو رو ٹراما سینٹر کے ماہر طب جہاں اس شعبے کو وسعت دینے کے لئے مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کررہے ہیں تو دوسری جانب حکومت سے مطالبہ بھی کیا جارہا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں نیو رو ٹراما سینٹر بنائے جائیں تاکہ قیمتی زندگیوں کو بروقت بچایا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :