پاناماکیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو عالمی میڈیانے شہ سرخیوں کی زینت بنایا

امریکا، یورپ، بھارت اور پڑوسی ملک چین کے اخبارات اور ٹی وی چینلزنے فیصلے کے نواز شریف پراثرات کاجائزہ لیا نواز شریف کو ہٹانے کے لیے ثبوت کافی نہیں ہیں ،ْ الجزیرہ کی ہیڈ لائن …… نواز شریف بال بال بچ گئے ،ْ واشنگٹن پوسٹ

جمعہ 21 اپریل 2017 15:20

پاناماکیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو عالمی میڈیانے شہ سرخیوں کی زینت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2017ء) پاناماکیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو عالمی میڈیانے شہ سرخیوں کی زینت بنایا ،ْامریکا، یورپ، بھارت اور پڑوسی ملک چین کے اخبارات اور ٹی وی چینلزنے اس فیصلے کے نواز شریف پراثرات کاجائزہ لیا۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق نواز شریف بال بال بچے ہیں تاہم عدالت کی جانب سے شریف خاندان کے مالی معاملات کی مزید تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے ،ْ فیصلے سے نوازشریف اور ان کی حکمراں جماعت کو سیاسی دھچکا لگا ہے اور ان کے سیاسی مخالفین کو انہیں ٹارگٹ کرنے کا مزید موقع مل گیا ہے ۔

نواز شریف ابھی مشکل سے نکلے نہیں ہیں ۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کا کہنا ہے کہ فی الحال تو نواز شریف کرپشن کے کیس میں اس بار بچ گئے ہیں تاہم سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن تک ان کی مشکلات ابھی کم نہیں ہوئی ہیں ۔

(جاری ہے)

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق اب وزیر اعظم نواز شریف کو نئی تشکیل جانے والی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونا ہوگا ۔

الجزیرہ نے ہیڈ لائن لگائی کہ سپریم کورٹ نے کہا کہ نواز شریف کو ہٹانے کے لیے ثبوت کافی نہیں ہیں ۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے نے کہا کہ عدالت نے حکم دیا ہے کہ وزیر اعظم کی کرپشن کی تحقیقات ہونی چاہئے ۔ہندوستان ٹائمز کا کہنا تھا کہ نواز شریف فی الحال تو بچ گئے ہیں تاہم سپریم کورٹ نے مزید تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔چائنا ٹیلی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو عہدے سے ہٹانے کیلئے ناکافی شواہد ہیں تاہم اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی بھی ضرورت ہے ۔