الخلیل ،یہودی شرپسندوں کا ریڈ کراس کے مقامی دفتر پرحملہ ،توڑپھوڑ،آگ لگا دی،انسانی حقوق تنظیم کی حملے کی شدید مذمت

جمعہ 21 اپریل 2017 14:38

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2017ء) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں یہودی شرپسندوں کی طرف سے رات کو انسانی حقوق کی تنظیم ریڈ کراس کے مقامی دفتر پرحملہ کرکے دفتر کی توڑپھوڑ کی۔ دوسری طرف ریڈ کراس نے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اطلاعات کے مطابق ریڈ کراس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رات کے وقت مسلح افراد نے الخلیل میں واقع تنظیم کے مقامی دفتر پردھاوا بولا، دفتر میں فائرنگ کی گئی اور توڑپھوڑ کے بعد دفتر کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں دفتر میں موجود قیمتی سامان اور ریکارڈ جل کر راکھ ہوگیا۔

الخلیل میں ریڈ کراس کے انچارج گیراڈو مولزنیک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ حملہ آوروں کی شناخت نہیں کرسکے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ حملہ فلسطینی علاقوں میں تنظیم کے دفاتر میں خوف و ہراس پھیلانے کی مجرمانہ کوشش ہے اور ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔خیال رہے کہ الخلیل شہر میں ریڈ کراس کا دفتر 1979ء سے قائم ہے۔ یہ تنظیم 1967ء سے بھی پہلے سے فلسطین میں انسانی حقوق کی صورتحال کیلئے موجود تھی اور گزشتہ پچاس سال سے یہ تنظیم فلسطین میں خدمات انجام دے رہی ہے۔مبینہ طور پر یہودی شرپسندوں کی طرف سے ماضی میں بھی ریڈ کراس کے عملے اور دفاتر کوانتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :