فلسطینی اسیران کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلیوں پر صہیونی فوج کا طاقت کا وحشیانہ استعمال،دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے

جمعہ 21 اپریل 2017 14:38

فلسطینی اسیران کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلیوں پر صہیونی ..
مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2017ء) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں جمعرات کو فلسطینی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلیوں پر قابض صہیونی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ہے جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں عوفر جیل کے باہر جمع فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج ٹوٹ پڑی۔

نہتے مظاہرین پرلاٹھیوں، آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کی بوچھاڑ کردی گئی جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔ ادھر بیت المقدس میں مشرقی قصبے ابو دیس میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان تصادم کی اطلاعات ہیں۔ قابض فوج نے فلسطینی شہریوں کی ایک ریلی کو منتشر کرنے کیلئے اس پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ابو دیس سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق 11 فلسطینی شہری زہریلی آنسوگیس کے شیل لگنے سے بے ہوش ہوگئے ہیں۔ہلال احمر کے امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے رام اللہ میں فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر ربڑ کی دھاتی گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی جب کہ کئی افراد کو اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق قابض فوج کی طرف سے طاقت کے بے تحاشا استعمال کے جواب میں نہتے مظاہرین نے سنگ باری کی۔ اسرائیلی فوج نے سنگ باری کرنے والے متعدد فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :