Live Updates

پی ٹی آئی کو جے آئی ٹی پر اعتماد کرنا چاہیے ،ْ معاملے پر انتشاری سیاست سے گریز کرے ،ْمریم اورنگزیب

عمران خان کا وزیراعظم محمد نواز شریف سے مستعفی ہونے کا بیان عدالتی فیصلے کے منافی ہے ،ْانٹرویو

جمعہ 21 اپریل 2017 14:09

پی ٹی آئی کو جے آئی ٹی پر اعتماد کرنا چاہیے ،ْ معاملے پر انتشاری سیاست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو جے آئی ٹی پر اعتماد کرنا چاہیے ،ْ معاملے پر انتشاری سیاست سے گریز کرے ،ْ عمران خان کا وزیراعظم محمد نواز شریف سے مستعفی ہونے کا بیان عدالتی فیصلے کے منافی ہے ،ْ عوامی مینڈیٹ وزیراعظم کے پاس امانت ہے ،ْانشاء للہ وزیر اعظم اگلے مرحلے میں بھی سرخرو ہونگے ۔

ایک انٹرویو میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا وزیراعظم محمد نواز شریف سے مستعفی ہونے کا بیان عدالتی فیصلے کے منافی ہے ،ْ انہوں نے کہا کہ یو ٹرن لینا عمران خان کا وطیرہ ہے تاہم عدالت کے فیصلے کے بعد یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ ہمارے سیاسی مخالفین جو وزیراعظم محمد نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے تھے اسے عدالت عظمیٰ نے مسترد کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ایک ایسی منفرد مثال قائم کی ہے کہ انہوں نے اپنے خاندان کو احتساب کیلئے سپریم کورٹ کے آگے پیش کیا اور اپنی تین نسلوں کا حساب دیا جہاں سے وہ سرخرو ہو گئے ہیں۔ عدالت میں وہ تمام دستاویزات پیش کی گئیں جو شریف خاندان سے مانگی گئی تھیں اور انہی دستاویزات پر یہ سارا کیس لڑا گیا ہے کیونکہ جھوٹے الزامات لگانے والے تو عدالت میں کوئی ایک بھی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرنے والے لوگ ہیں اس لئے اب جو جے آئی ٹی بنے گی، آئین و قانون کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کو سامنے رکھتے ہوئے وہ جو بھی سوالات کرے گی اس کے جوابات دیئے جائیں گے اور انشااللہ وزیراعظم وہاں سے بھی سرخرو ہوں گے کیونکہ ان کا دامن صاف ہے۔ وزیر مملکت نے کہاکہ ملکی قانون و آئین کے مطابق عدالت عظمیٰ کا پاناما کے حوالے سے جو فیصلہ آیا ہے اس میں وزیراعظم محمد نواز شریف کو نااہل قرار نہیں دیا گیا ہے مریم اورنگزیب نے کہاکہ پاناما پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آ چکا ہے جس کو من و عن تسلیم کرنا ہم سب پر لازم ہے اور سب کو چاہیے کہ وہ اپنا اپنا کام کریں اور ملکی ترقی و خوشحالی میں وزیراعظم محمد نواز شریف کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اگر مگر چھوڑ دینا چاہیے اور جے آئی ٹی کو اپنا کام کرنے دینا چاہیے، پاکستانی عوام نے وزیراعظم محمد نواز شریف کو منتخب کیا ہے اور عوامی مینڈیٹ وزیراعظم کے پاس امانت ہے، وہ استعفیٰ نہیںدیں گے کیونکہ پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات