چین سی پیک کے تحت صوبہ خیبر پختونخوا کی تیزی سے ترقی کیلئے ہر ممکن امداد فراہم کریگا ، شا جو کانگ

چینی کمپنیاں صوبے میں کام کرتی اور مقامی افراد کی بہت بڑی تعداد کو روزگار کے مواقع فراہم کرتی رہیگی صوبائی وزیراعلیٰ کی قیادت میں چین کا دورہ کرنیوالے وفد کی زبردست پذیرائی کی گئی ، مشتاق غنی ون بیلٹ ون روڈ منصو بے کی کامیابی کا تعلق سی پیک سے ہے جو کہ منصوبے کا پائلٹ پراجیکٹ ہے منصوبے سے نہ صرف علاقائی اور اقتصادی شرح نمو بلکہ تمام متعلقہ ممالک اور معیشتوں کو فائدہ پہنچے گا

جمعہ 21 اپریل 2017 12:49

چین سی پیک کے تحت صوبہ خیبر پختونخوا کی تیزی سے ترقی کیلئے ہر ممکن امداد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اپریل2017ء) چین ۔پاکستان دوستی تنظیم کے صدر شاجو کانگ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی ) پرویز خٹک کو یقین دلایا ہے کہ ان کا ملک سی پیک کے تحت اس کی تیزی سے ترقی کیلئے ان کے صوبے کی ہر ممکن امداد کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیاں کے پی میں کام کرتی رہیں گی اور مقامی افراد کی بڑی تعداد کو روزگار کے مواقع فراہم کرے گی ، سی پیک سے باہر اور تحت کے پی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لئے چینی سرمایہ کاروں کو دعوت دینے کے لئے روڈ شو منعقد کرنے کے لئے وزیراعظم کی قیادت میں 160رکنی وفد بیجنگ گیا ، کے پی کے کی حکومت کے ترجمان اور صوبائی وزیر مشتاق غنی کے مطابق وفد کو چین کی طرف سے زبردست حمایت ملی ہے ، انہوں نے دورے کو انتہائی تعمیری قراردیا اور کہا کہ اس کے سی پیک کے تحت صوبے کی ترقی پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے ، روڈ شو ایک بڑا ایونٹ تھا اور اس نے دوطرفہ مفادات کے مختلف شعبوں میں تعاون پر مبنی پارٹنر شپ کو مستحکم بنانے میں کافی کردار ادا کیا ہے،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے صوبے کے موقف کی بھرپور وکالت کی اور اپنے صوبے کے لئے بھاری سرمایہ کاری لانے میں کامیاب رہے ۔

(جاری ہے)

جو کانگ نے کہا کہ بیلٹ و روڈ منصوبہ کی کامیابی سی پیک سے وابستہ ہے کیونکہ یہ منصوبے کا پائلٹ پراجیکٹ ہے اس پراجیکٹ سے نہ صرف چین اور پاکستان دونوں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ یہ تمام علاقائی و اقتصادی شرح نمو کیلئے سود مند ہے اور ون بیلٹ و ن روڈ منصوبے سے متصل تمام ممالک اور معیشتیں اس سے مستفید ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر سے لے کر کاشغر تک پھیلی ہوئی مجوزہ راہداری نہ صرف کسی مخصوص علاقے بلکہ پورے پاکستان کے لئے اقتصادی و سماجی ترقی لائے گی ، چین میں دو روزہ روڈ شو کے دوران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے توانائی ، ریلوے ٹریک ، روڈز ، انڈسٹریل پارک ، سیمنٹ فیکٹریوں ، ٹورازم اور زراعت جو کہ سی پیک کا حصہ ہوں گے سمیت مختلف شعبوں میں چین کے سرکاری اور نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کو پیش کی جانیوالے سرمایہ کاری کے پانچ بڑے موقعوں پر روشنی ڈالی ۔

وزیر اعلیٰ نے میڈیا کو روڈ شو کے ایجنڈے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ صوبہ پختونخوا میں توانائی وٹرانسپورٹ ڈھانچہ کی ترقی کیلئے چینی کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کرنے کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیوں کو پشاور کو چارسدہ ، مردان ، صوابی اور نوشہرہ سے ملانے کیلئے خاص ٹریک چلانے کے لئے ، 1200میگاواٹ ہائیڈرل پاور جنریشن پراجیکٹ سمیت ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی جائے گی ، اس کے علاوہ چترال کے راستے چکدرہ کو گلگت سے ملانے کے لئے ایک سڑک کی تعمیر میں بھی سرمایہ کاری کی پیشکش کی جائے گی ، روڈ شو کے اختتام پر کے پی حکومت نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) فریم ورک کے تحت صوبے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر کے لئے چینی کمپنیوں کے ساتھ مفاہمت کی گیارہ یادداشتوں پر دستخط کئے ۔

وزیراعلیٰ کے پی پرویز خٹک ، سینیٹر شبلی فراز ، چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد ،چین پاکستان دوستی تنظیم کے صدر شا جو کانگ۔ وزراء اور سینئر صوبائی اہلکار وں نے دستخط کرنے کی تقریب میں شرکت کی ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے چینی کمپنیوں اور کاروباری شخصیات کو دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کے لئے صوبے میں سرمایہ کار نواز دوستانہ ماحول سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ۔

پرویز خٹک نے چینی کمپنیوں اور کاروباری شخصیات کو کے پی صوبے میں سرمایہ کاری دوست ماحول سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس صوبے میں صنعتوں کے قیام کے سفر کے آغاز کا سٹیج سجا دیا ہے ۔ وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے سفیر مسعود خالد نے بتایا کہ توانائی ، زراعت اور انفراسٹرکچر سمیت قریباً 86منصوبے سرمایہ کاری اور تعاون کے لئے پیش کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کے وزیر اعلیٰ کا دورہ جو گذشتہ چار ماہ میں دوسری مرتبہ ہے سی پیک اور پاک چین تعلقات کی اہمیت کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک چین اور پاکستان کے تعلقات کا تعلق ہے پاکستان میں تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک جو کہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کا نمایاں پراجیکٹ ہے نے باہمی تعاون کو فروغ دیا ہے۔سی پیک کے بارے میں خصوصی ایلچی ظفر محمود نے کہا کہ صوبہ کے پی نے سرمایہ کاری کے لئے بہترین ممکنہ مواقعو ں کی پیشکش کی ہے ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چینی کمپنیاں اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے بازی لیں گی ۔

متعلقہ عنوان :