Live Updates

عدلیہ نے وزیراعظم محمد نوازشریف پر کیخلاف لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا ہے ، آصف علی زرداری نے فیصلہ نہ مان کر کھلم کھلا عدالت کے فیصلے کی توہین کی ہے،عمران خان اداروں اور قانون کا احترام کرنا سیکھیں ،سچ بولنے اور اسے برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا کریں

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی کا آبپارہ چوک میں مسلم لیگی کارکنوں سے خطاب

جمعرات 20 اپریل 2017 21:30

عدلیہ نے وزیراعظم محمد نوازشریف پر کیخلاف لگائے گئے الزامات کو مسترد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2017ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے ثابت ہو گیا ہے کہ نوازشریف صادق بھی ہیں اور امین بھی، آصف علی زرداری نے فیصلہ نہ مان کر کھلم کھلا عدالت کے فیصلے کی توہین کی ہے اور عمران پھر اپنی ہٹ دھرمی پر ہیں، نوازشریف نے سیاسی میدان میں عمران خان کو بار بار شکست دی اور اب قانونی جنگ میں بھی شکست سے دوچار کیا ہے، خیبر سے کراچی اور گوادر سے خنجراب تک لیگی کارکن شکرانہ ادا کر رہے ہیں اور جشن منا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو آبپارہ چوک میں عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد جمع ہونے والے مسلم لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی کارکنوں اور تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ملک کی معزز عدلیہ نے وزیراعظم محمد نوازشریف کیخلاف لگائے گئے الزامات کو مسترد کر دیا ہے اور وزیراعظم کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر وزیراعظم عدالت عظمیٰ سے سرخرو ہوئے ہیں اور ایک مرتبہ پھر ثابت ہو گیا ہے کہ نوازشریف صادق اور امین ہیں۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ عمران خان نے جب پانامہ کا ہنگامہ شروع کیا تو وزیراعظم نوازشریف نے ازخود سپریم کورٹ کو خط لکھا اور کہا کہ وہ تحقیقات کرے لیکن عمران خان جو پہلے خود کمیشن کا مطالبہ کر رہے تھے۔

وزیراعظم کے خط کے بعد یو ٹرن لے گئے اور کہنے لگے کہ سپریم کورٹ اس کا فیصلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے خود کو اپنے خاندان سمیت سپریم کورٹ کے آگے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا تین نسلوں کا احتساب ہوا اور 80 سال کا حساب دیا اور آج پاکستان کا قائد سپریم کورٹ، عوام کی عدالت اور سب سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ کی عدالت میں سرخرو ہوا ہے۔

آصف کرمانی نے کہا کہ ہم نے پہلے دن کہا تھا کہ عدالت عظمیٰ کا جو بھی فیصلہ آیا اس کا احترام کریں گے لیکن آصف علی زرداری جو عدالتوں کے احترام کا دعویٰ کرتے تھے، نے فیصلہ نہ مان کر عدالتی فیصلے کی توہین کی ہے اور عمران خان پھر استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے کہتا ہوں کہ نوازشریف استعفیٰ نہیں دینگے بلکہ آپ کو پاکستانی سیاست سے مستعفی ہونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ خان صاحب، نوازشریف نے آپ کو سیاسی میدان میں بار بار شکست دی اور اب قانونی جنگ میں بھی شکست سے دوچار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر سے کراچی اور گوادر سے خنجراب تک پنجاب، سندھ، کے پی کے، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہر ضلع اور ہر شہر میں مسلم لیگی کارکن اللہ کا شکر ادا کر رہے ہیں اور جشن منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ذہنی بیماری ناقابل علاج ہے، نوازشریف کا اپنے کارکنوں کو پیغام ہے کہ میں اپنا ہر وعدہ پورا کروں گا، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا جنہوں نے لوڈ شیڈنگ کی سازش کی وہ بھی کیفر کردار تک پہنچیں گے، دہشت گردی کا بھی خاتمہ ہو گا۔

ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ پاکستان، قوم اور عدالتوں کا وقت ضائع کیا گیا، عمران خان اداروں اور قانون کا احترام کرنا سیکھیں اور سچ بولنے اور اسے برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا کریں، وزیراعظم بننے کیلئے نوازشریف بننا پڑتا ہے اورقوم کی خدمت کرنا پڑتی ہے، عمران خان آج آپ کی سیاست کا بوریا بستر گول ہوگیا ہے۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا لیڈر پاکستان کا ہمدرد، دیانتدار، بہادر اور بصیرت کا حامل قائد ہے، نوازشریف کے پاس آئندہ آنے والی نسلوں کی ترقی کے روشن مستقبل کا وژن ہے۔

کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ خوشیاں منائیں لیکن اللہ تعالیٰ کے آگے سربسجود ہوں۔ پرامن رہیں کیونکہ آپ انسانیت کا احترام کرنے والے کارکن ہیں۔ اس موقع پر میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد کے باسیوں کی طرف سے مسلم لیگی کارکنوں کو حق اور سچ کی فتح پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہر دل عزیز قائد سرخرو ہوئے ہیں، (آج) جمعہ کی نماز کے بعد فیصل مسجد میں شکرانے کے نوافل ادا کئے جائینگے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات