سیاسی مفادات کھائو،پیو اور ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کے سبب تعلیم کا شعبہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا،رکن صوبائی اسمبلی نوشین حامد

جمعرات 20 اپریل 2017 21:01

سیاسی مفادات کھائو،پیو اور ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کے سبب تعلیم کا شعبہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اپریل2017ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ سیاسی مفادات کھائو،پیو اور ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کے سبب سکول ایجوکیشن کا شعبہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا،سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی خرابیوں کو درست کرنے کے بجائے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کا ایسا متبادل تعلیمی ماڈل پرموٹ کیا ہے جس کے باعث سکول ایجوکیشن کو بے شمار خطرات لا حق ہو چکے ہیں،انہو ں نے کہا کہ شعبہ تعلیم کے نقائص کو دور نہ کیا گیا تو محکمہ تعلیم سکول پنجاب کے ساتھ ساتھ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے ادارے کی بساط لپٹ جائے گی اور صوبہ بھر کے 22لاکھ بچوں کا تعلیمی مستقبل دائو پر لگ جائے گا ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے قریب 7سال قبل پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کو ذاتی بلڈنگ ودفاتر کے لئے جوہر ٹائون میں 10 کنال پر مشتمل ایک بہترین لوکیشن کا پلاٹ فراہم کیا جس میں پیف کے تمام ضروری دفاتر کے علاوہ اساتذہ اکرام کیلئے ایک تربیتی ادارہ بھی قائم کرنا مقصود تھا لیکن پیف حکام کی جانب سے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر چند سال قبل ایل ڈی اے انتظامیہ نے پیف حکام کو بلڈنگ نہ بنانے پر 2 کروڑ روپے بطور جرمانہ کیا تاہم پیف حکام نے اس معاملے کو سنجیدہ نہیں لیا۔