سجاول: سندھ کے صوبائی وزیر کی اوطاق سے ریفریجریٹر چوری ہوگیا،محکمہ لائیواسٹاک میں ہلچل

جمعرات 20 اپریل 2017 20:04

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2017ء) سجاول میں سندھ کے صوبائی وزیر کی اوطاق سے ریفریجریٹر چوری ہوگیا،محکمہ لائیواسٹاک میں ہلچل مچ گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق تعلقہ اسپتال سجاول کے سامنے محکمہ ہائی ویز کے ایک بنگلے پر صوبائی وزیر لائیواسٹاک فشریزمحمد علی ملکانی نے اپناقبضہ جماکراسے اپنی اوطاق بنالیاہے جبکہ محکمہ لائیواسٹاک کے ضلعی اور ڈویزنل افسران کی جانب سے اسے فل ڈیکوریٹ کرکے برتن سے لیکر اے سی، جنریٹرتک فراہم کئے گئے ہیں اور محکمہ کے نچلے ملازمین کو بھی یہاں مہمانوں کی خدمت اور صفائی کے لئے مقرر کیاگیاہے۔

مذکورہ بنگلے میں صوبائی وزیرکا کبھی کبھار چند گھنٹوں کے لئے آناہوتاہے باقی اوقات میں جیالے ڈیرے جمائے رہتے ہیں گذشتہ دنوں اس بنگلے سے ریفریجریٹرغائب ہوگیاہے جس کے بعد لائیواسٹاک کے مقررنچلے ملازمین کی شامت آگئی ہے جبکہ ڈائریکٹر تک کی دوڑیں لگ گئی ہیں،مبینہ طور پر صوبائی وزیر نے فوری طور پر فریج کی کمی پوری کرنے کا حکم جاری کردیاہے،واضع رہے کہ مذکورہ سرکاری بنگلے پر تعلقہ ناظم نے اپناگھر بنایاتھاجس کو بعد میں قبضہ کرکے ایم کیوایم کا آفس قائم کیاگیاتھا۔

(جاری ہے)

بعدازاں اینٹی اینکروچمنٹ نے بنگلہ واگزار کرایاتو صوبائی وزیرنے اسے اپنی اوطاق بنالیاجس میں پی پی کی میٹنگز بھی بلائی جاتی ہیں،مذکورہ بنگلے میں کام کاج اور جیالوں کی خدمت کے لئے آبپاشی اور لائیواسٹاک کے ملازمین کو مقررکیاگیاہے۔

متعلقہ عنوان :