آصف علی زرداری نے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 20 اپریل 2017 16:05

آصف علی زرداری نے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا
ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20اپریل۔2017ء) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرآصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وزیراعظم نوازشریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے-اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سنیئرججزنے نوازشریف کے خلاف فیصلہ دیا ہے لہذا میاں صاحب کے پاس اخلاقی جوازنہیں رہا-انہوں نے کہا کہ میں جہاں تک نوازشریف کو جانتا ہوں وہ آخری وقت تک نہیں جائیں گے -انہیں شرم آنی چاہیے کہ کس بات کی مٹھائیں بانٹ رہے ہیں -انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو ججزسے انصاف نہیں مل سکا ‘جے آئی ٹی میں شامل افسران کیسے وزیراعظم سے تحقیقات کریں گے-انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عوام کو دھوکا دیا گیا ہے، ملک میں آج جمہوریت کو نقصان ہوا۔

(جاری ہے)

سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ 9 مہینے تک قوم کے ساتھ جو مذاق ہوتا رہا ہے اس کی مذمت کرتا ہوں اور اس فیصلے کی بھی مذمت کرتا ہوں۔آصف زرداری نے کہا کہ ان دو سینیئر ججز کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے یہ فیصلہ دیا ہے کہ وزیراعظم نا اہل ہوچکے ہیں، سینیئر ججز کا فیصلہ جونیئر ججز پر غالب ہوتا ہے۔سابق صدر نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ وزیراعظم کو اخلاقی بنیادوں پر استعفیٰ دے دینا چاہیے، گوکہ میں یہ جانتا ہوں کہ وہ آخری دم تک استعفیٰ نہیں دیں گے اور ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

آصف زرداری نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ جو نہ کرسکی وہ وزیراعظم کے ماتحت 19 گریڈ کے افسر فیصلہ کریں گے؟ وہ تحقیقات کریں گے اور وزیراعظم کو نا اہل کریں گے؟ یا ان کا بیان وزیراعظم ہاو¿س میں لیں گے یا تھانے میں لیں گے؟ اس بات کا فیصلہ قوم کو کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نا اہل ہے، ان سے ملک نہیں چلایا جاتا، ملک بحران کی طرف جارہا ہے۔

آصف زرداری نے استفسار کیا کہ یہ کس بات کی مٹھائی بانٹ رہے ہیں؟ اس بات کی مٹھائی بانٹی جارہی ہے کہ دو سینیئر ججز نے کہہ دیا ہے کہ آپ نا اہل ہیں، انہوں نے کہہ دیا ہے کہ آپ صادق اور امین نہیں رہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو یہ سوال پوچھنا چاہیے کہ یہ کیسے ہوا، ہمار شروع سے یہ موقف رہا ہے کہ کبھی بھی پیپلز پارٹی کو یا عوام کو ان ججز سے انصاف نہیں ملا۔عمران خان کو پیغام دیتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے خان صاحب سے بھی کہا تھا کہ ہمارے ساتھ بیٹھیں، قانون سازی کریں اور پھر اس قانون کو لے کر عدالت میں چلیں لیکن انہوں نے ہماری بات نہیں مانی ۔

متعلقہ عنوان :