Live Updates

عمران خان کا وزیراعظم نوازشریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 20 اپریل 2017 15:55

عمران خان کا وزیراعظم نوازشریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20اپریل۔2017ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم نوازشریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے-اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نوازشریف کے وزیراعظم رہتے ہوئے آزادانہ تحقیقات نہیں کرسکتی لہذا انہیں چاہیے کہ وہ فوری طور پر مستعفی ہوں-انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے یوسف رضاگیلانی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا اور آج وہ خود اس صورتحال کا شکار ہیں ‘انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں اور عوام کی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ آج سپریم کورٹ نے تاریخ سازفیصلہ دیا ہے-انہوں نے کہا کہ فوج کے دو اداروں کے علاوہ باقی تمام ادارے وزیراعظم کے نیچے ہیں اور قوم کس طرح ان سے آزادانہ تحقیقات کی توقع رکھ سکتی ہے-انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آتا کہ نون لیگی کس چیزکی خوشیاں منا رہے ہیں اس لیے کہ انہیں 60دن کی مہلت ملی ہے-عمران خان نے کہا کہ میں عدالت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ایسی ججمنٹ کبھی نہیں آئی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ آج قوم کے سامنے پانچوں ججوں کا مشترکہ طور پر جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ آیا ہے جس کا مطلب یہ سپریم کورٹ میں جو ثبوت جمع کیے گئے وہ ناکافی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مستقبل کے دو چیف جسٹس نے کہا ہے کہ ان کو گھر بھیج دو یہ جج ملک کے معزز جج ہیں اور انھوں نے کہا کہ نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے۔چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ میں پاکستانی قوم کی طر سے نواز شریف کو کہتا ہوں کہ وہ فوری طور پر استعفیٰ دے کیونکہ ان کے پاس وزیر اعظم رہنے کا کون سا اخلاقی جواز رہ گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف عزیر بلوچ کی طرح کریمنل تفتیش ہوگی تو ان کے پاس وزیراعظم رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے۔پاکستان مسلم لیگ نواز کی جانب سے خوشیاں منائے جانے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ کس چیز کی مٹھائی تقسیم کی جارہی ہیں اس لیے کہ سپریم کورٹ کے دو جج نے کہا ہے کہ وزیراعظم جھوٹا ہے جبکہ تین ججوں نے بھی ایک چیز قطری خط نہیں مانا اس لیے جے آئی ٹی بنی ہے اس لیے خوشیان منائی جارہی ہیں، جھوٹ بولنے کی خوشیاں منارہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ چونکہ سپریم کورٹ بھی کہہ چکی ہے کہ نیب ٹھیک کام نہیں کررہا ہے اسی لیے ان کی موجودگی میں ادارے اچھی طرح تفتیش نہیں کرسکیں گے اس لیے انھیں فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی میں شامل سوائے دو اداروں کے باقی نواز شریف کے زیر کام کر رہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ وزیراعظم فوری مستعفی ہوں اور اگر 60 روز کے بعد یہ شفاف قرار دیے جاتے ہیں تو واپس آجائیں کیونکہ یہی مطالبہ انھوں نے یوسف رضا گیلانی سے کیا تھا۔

ایک سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ صرف 60 دن کی بات ہے اس کے بعد جشن منائیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے کارکنوں کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ اب وزیراعظم اور ان کے بچوں سے تفتیش ہوگی اور اگر ہمارے کارکن جدوجہد نہیں کرتے تو آج یہ نہیں ہونا تھا۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے تفتیش کے لیے نیب، اسٹیٹ بینک، آئی ایس آئی، ایم آئی اور ایف آئی اے کے افسران پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ سنایا تھا جو 60 روز میں تفتیش کرکے اپنی رپورٹ بنچ میں جمع کرے جس کے بعد حتمی فیصلہ سنایا جائے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات