نواز شریف نے 1997ء میں بجلی پیدا کرنے والے نجی اداروں کو انتقام کا نشانہ بنایا تھا،سینیٹرسعیدغنی

نواز حکومت نے عوام کو دکھوں کے سوا کچھ نہیں دیا، کرپشن، مہنگائی، بجلی کی لوڈشیڈنگ نواز لیگ کا کارنامہ ہے،بیان

بدھ 19 اپریل 2017 23:51

نواز شریف نے 1997ء میں بجلی پیدا کرنے والے نجی اداروں کو انتقام کا نشانہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے نواز شریف اور شہباز شریف کی طرف سے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت پر تنقید پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے 1997ء میں بھی بجلی پیدا کرنے والے نجی اداروں کو انتقام کا نشانہ بنایا تھا اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی انرجی پالیسی کو ختم کر دیا تھا جس کی وجہ سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ایک عذاب بن گئی۔

سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی گزشتہ حکومت نے بھی بجلی کی پیداوار میں اضافے کے لئے نجی سیکٹر کو راضی کیا مگر نواز شریف اینڈ کمپنی نے ان کے خلاف سخت مہم چلائی جس کی وجہ سے بجلی کی پیداوار کی کمپنیوں نے اپنا ارادہ ترک کر دیا اور منصوبے ختم کر دئیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے حسب عادت اقتدار میں آتے ہی نجی پاور سیکٹر کو انتقام کا نشانہ بنایا۔

ان پر جھوٹے ریفرنس بنائے اور وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو انتقام کا نشانہ بنایا۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کو پیپلزپارٹی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ نواز شریف اپنے کرتوت پر پاکستان کے عوام اور راجہ پرویز اشرف سے معافی مانگتے۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ نواز حکومت نے عوام کو دکھوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ کرپشن، مہنگائی، بجلی کی لوڈشیڈنگ نواز لیگ کا کارنامہ ہے۔