پانامہ کا جو بھی فیصلہ ہو ، پی ٹی آئی نے عوام میں جانے کا فیصلہ کر لیا

پی ٹی آئی کی جانب سے مٹھائیوں کا آرڈر بھی دے دیا گیا۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 19 اپریل 2017 16:20

پانامہ کا جو بھی فیصلہ ہو ، پی ٹی آئی نے عوام میں جانے کا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اپریل 2017ء) : پانامہ کا فیصلہ جو بھی ہوا پاکستان تحریک انصاف نے عوام میں جانے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کی مرکزی اورصوبائی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں پانامہ کے فیصلے کے بعد پارٹی کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا پانامہ کا فیصلہ جو بھی آئے پی ٹی آئی عوام میں جائے گی۔ اجلاس میں اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ جلسے کے حوالے سے حتمی فیصلہ اسی اجلاس میں ہونا متوقع ہے۔جلسے کی تاریخ اور جگہ کا تعین اسلام آباد انتظامیہ کی اجازت سے مشروط ہو گا۔ ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے پانامہ فیصلے کے موقع پر کارکنان کو سپریم کورٹ آنے سے روکنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

صرف مرکزی قائدین فیصلے سننے سپریم کورٹ جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پانامہ فیصلہ سنائے جانے کے بعد فوراً اجلاس بلا کر حکمت عملی طے کی جائےگی۔تحریک انصاف چئیر مین نے اسلام آباد تنظیم کو جلسے کے لیے متحرک کرنے کا بھی حکم دیا۔ دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے پانامہ کے فیصلے سے قبل ہی متوقع جیت کی خوشی میں مٹھائیوں کا آرڈر دے دیا ہے۔ خیال رہے کہ پانامہ کا فیصلہ سنائے جانے کا اعلان ہوتے ہی فیصلے سے متعلق پیشن گوئیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔