سماعت سے محروم بچی ندا خان کی کامیاب سرجری کے بعد وزیراعظم محمد نوازشریف سے ملاقات

وزیراعظم ندا خان سے ملکر خوش ہوئے، یہ بچی پیدائشی طور پر گونگی اور بہری تھی جو کامیاب آپریشن کے بعد بولنے اور سننے لگی ہے

منگل 18 اپریل 2017 23:01

سماعت سے محروم بچی ندا خان کی کامیاب سرجری کے بعد وزیراعظم محمد نوازشریف ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2017ء) وزیراعظم محمد نوازشریف سے سماعت سے محروم بچی ندا خان نے کامیاب سرجری کے بعد منگل کو وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم ندا خان سے ملکر خوش ہوئے، یہ بچی پیدائشی طور پر گونگی اور بہری تھی جو کامیاب آپریشن کے بعد بولنے اور سننے لگی ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ندا خان ایک سے دو سال کے عرصے کے دوران سپیچ تھراپسٹ کی معاونت سے پوری طرح بولنے کے قابل ہو جائے گی۔

وزیراعظم کو مزید بتایا گیا کہ ندا خان ایک ذہین بچی ہے جس کے باعث وہ جلد صحت یاب ہو رہی ہے۔ اسلام آباد میں 11 جنوری 2017ء کو سکولوں کو بسیں دینے کی ایک تقریب کے دوران وزیراعظم سے ندا خان کی ملاقات ہوئی تھی جس نے اسلام آباد کے طلباء کیلئے سکولوں کو بسیں فراہم کرنے پر اشاروں کی زبان میں وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا تھا۔

(جاری ہے)

تقریب کے بعد وزیراعظم محمد نوازشریف نے بچی کی بیماری اور طبی وجوہات کے بارے میں معلومات حاصل کیں تو انہیں بتایا گیا کہ ساڑھے چھ سالہ ندا خان بولنے اور سننے کی صلاحیتوں سے محروم ہے۔

وزیراعظم نے سماعت سے محروم بچوں کے علاج معالجہ کیلئے خصوصی مرکز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق کیپٹل ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے فروری 2017ء میں خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا سماعت اور قوت گویائی سے محروم بچوں کے علاج معالجے اور بحالی کے اخراجات وزیراعظم فنڈ سے فراہم کئے جائیں گے جبکہ مہنگے علاج کیلئے غریب خاندانوں کے افراد کا علاج ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا جو علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔

وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں کیپٹل ہسپتال اور سپیشل ایجوکیشن سنٹر کے باہمی اشتراک سے اس پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے جس کی نگرانی ایک خصوصی بورڈ کرتا ہے۔ بولنے اور سننے کی صلاحیتوں سے محروم بچوں کی سرجری وغیرہ ہسپتال جبکہ سپیشل ایجوکیشن سنٹر کے ذریعے ان بچوں کو آڈیالوجسٹ اور سپیچ تھراپسٹ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ندا خان کا آپریشن 22 فروری 2017ء کو کیا گیا اور اس کے کانوں میں سننے کیلئے خصوصی آلات نصب کئے گئے۔ ندا خان کے والدین کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع مردان سے ہے جنہوں نے اپنی بچی کے کامیاب علاج کے بعد وزیراعظم محمد نوازشریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔