سپریم کورٹ کی جانب سے پانامہ کیس کا فیصلہ سنانے کیلئے سپلیمنٹری کاز لسٹ جاری کی گئی

لسٹ معمول سے ہٹ کر صرف کیس کے فیصلے کے اعلان کے لئے جاری کرنا پڑی

منگل 18 اپریل 2017 23:58

سپریم کورٹ کی جانب سے پانامہ کیس کا فیصلہ سنانے کیلئے سپلیمنٹری کاز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اپریل2017ء) سپریم کورٹ کی جانب سے پانامہ کیس کا فیصلہ سنانے کے لئے سپلیمنٹری کاز لسٹ جاری کی گئی جس میں کیس نمبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ لسٹ صرف کیس کے فیصلے کے اعلان کے لئے جاری کی جا رہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق معمول کے مطابق سپریم کورٹ میں ہر جمعہ کو آئندہ ہفتے کے لئے مختلف مقدمات کی سماعت کے لئے کاز لسٹ جاری کی جاتی ہے اور اس حوالے سے بینچ بھی تشکیل دیئے جاتے ہیں تاہم گزشتہ جمعے کو جس معمول کی کاز لسٹ جاری کی گئی تو اس میں پانامہ کیس شامل نہیں تھا ۔

اس کے لئے منگل کو ضمنی کاز لسٹ جاری کی گئی جس میں 2017 کی سپلیمنٹری فہرست نمبر 172، 20 اپریل 2017 بروز جمعرات دن دو سجے صرف فیصلہ سنانے کے لئے کاز لسٹ میں پانامہ کیس کی سماعت کرنے والے لارجر بینچ کے پانچ جج صاحبان کے نام بھی شامل ہیں ان میں تین آئینی درخواستوں کے حوالے بھی دیئے گئے جن میں پہلی آئینی درخواست عمران احمد خان نیازی بمقابلہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف جب کہ دوسری آئینی پیٹیشن شیخ رشید احمد بمقابلہ وفاق پاکستان ، سیکرٹری قانون و انصاف و پارلیمانی ڈویژن جب کہ تیسری پیٹیشن پانامہ پیپرز سکینڈل وزیر اعظم کی نااہلی کی درخواست امیر جماعت اسلامی سراج الحق بمقابلہ وفاق پاکستان وزارت پارلیمانی امور و دیگر کے ذریعے ضمنی کاز لسٹ میں متعلقہ وکلاء کے نام بھی دیئے گئے ۔

(جاری ہے)

تاہم سپریم کورٹ کی جانب سے ضمنی کاز لسٹ کے اجراء کے بعد درخواست گزاروں اور مدعا علیان کے حامیوں میں اپنے اپنے حق میں فیصلہ کی چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں ۔