سپریم کورٹ نے بینک آف پنجاب کرپشن سکینڈل کیس کی سماعت دوہفتوں کیلئے ملتوی کردی

منگل 18 اپریل 2017 23:47

سپریم کورٹ نے بینک آف پنجاب کرپشن سکینڈل کیس کی سماعت دوہفتوں کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2017ء) سپریم کورٹ نے بینک آف پنجاب کرپشن سکینڈل کیس میں مرکزی ملزم حارث افضل کی جانب سے ضمانت کیلئے دائردرخواست کی سماعت کرتے ہوئے بینک آف پنجاب اور ملزم کے وکلاء سے تحریری جواب طلب کرلیا ہے اورکیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی ہے۔ منگل کو جسٹس اعجازافضل کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پردرخواست گزارکے وکیل نے عدالت کو بتایاکہ اب تک ہم نے 40 جائیدادیں نیب کے حوالے کی ہیں جبکہ کچھ پراپرٹی پہلے سے بینکوں کے پاس رہن رکھی گئی تھی۔ نیب کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ شیخ افضل اورحارث افضل پر خردبرد کا الزام ہے۔ دونوں ملزمان کے خلاف الگ الگ ریفرنسز ہیں جس پرعدالت نے بینکوں کی جانب سے ملزمان کی فروخت کی گئی پراپرٹی کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عدالت کوقبضہ میں لی گئی پراپرٹی کی قیمت سے آگاہ کیاجائے بعد ازاں مزید سماعت ملتوی کردی گئی۔