بہاولپور، اینٹی کرپشن کی بوگس تعلیمی اسناد پر وارڈن تعیناتی پر ایکشن،

اسلامیہ یونیورسٹی کی کنٹرولر امتحانا ت کے خلاف کارروائی کا آغاز کر تے ہوئے طلب کر لیا

منگل 18 اپریل 2017 21:53

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2017ء) ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب کی ہدایت پر اینٹی کرپشن بہاولپور نے بوگس تعلیمی اسناد پر وارڈن تعینات ہونیوالی اسلامیہ یونیورسٹی کی کنٹرولر امتحانا ت زریت الزہرا کے خلاف کارروائی کا آغاز کر تے ہوئے طلب کر لیا۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑتے ہوئے کسی بھی اخباری تشہیر کے بغیر ذریت الزہراکی سی وی پر ہی تقرری کے احکامات جاری کرتے ہوئے 5 جون 2006 ء کو آرڈر نمبر 1155 کے تحت بطور وارڈن تعینات کیا گیا جبکہ ذریت الزہرا کی درخواست پر تعلیمی قابلیت MBA درج تھی لیکن انہوں نے ایم بی اے کی ڈگری 2008 ء میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے حاصل کی۔

بوگس دستاویزات اور جھوٹ کی بنیاد پر تعینات ہونیوالی زریت الزہراہ پر نوازشات کرتے ہوئے ایک سال بعد ہی وائس چانسلر نے سیکشن 15(3) کے تحت حکم نامہ نمبری 7290 مورخہ 25 مئی 2007 ء کو ذریت الزہرا کو بطور چیف ہیڈ وارڈن کا حکم نامہ جاری کر دیا اور بعدازاں 18 جون2008 ء کو یونیورسٹی سنڈیکیٹ کی میٹنگ میں سکیل 18میں بطور چیف وارڈن کا حکم نامہ نمبری3654 مورخہ یکم جولائی2008 ء کو تعینات کرتے ہوئے آنیوالے بیس سال کی سالانہ انکریمنٹ بھی تقرری کے دن سے ہی دے دی گئیں اور پھر اس خاتون کو 7 اگست 2008 ء کو آرڈر نمبری 4366 کے تحت چیف وارڈن سے چیف ٹرانسپورٹ آفیسر تعینات کر دیا گیا حالانکہ موصوفہ ٹرانسپورٹ کا کوئی تجربہ نہیں رکھتی تھی ۔

(جاری ہے)

چند سال قبل زریت الزہراہ کو شعبہ امتحانات میں بطور ڈپٹی کنٹرولر تعینات کر دیا جہاں پر اس کے خلاف کرپشن کے الزامات عائد کیے گئے اور اس کے خلاف درخواست بھی وائس چانسلر کو دی گئی مگر کارروائی کے بجائے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر مشتاق نے 18 فروری2016 ء کو یونیورسٹی کی اہم ترین کنٹرولر کی پوسٹ پرنواز دیا لیکن ایک سال سے زائد عرصہ گذر جانے کے باوجود کنٹرولر امتحانات کے باضابطہ آرڈر جاری نہیں کیے گئے اور نہ سینڈیکیٹ سے منظوری لی گئی ہے۔

شہری عابد علی کی دستاویزی درخواست پر ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بہاولپور کو تحقیقات کاحکم دیدیا ہے جس پر اینٹی کرپشن بہاولپور نے زریت الزہراہ کو 22اپریل کو طلب کر لیا ہے اور اس حوالے سے نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :