ایم کیو ایم پاکستان کا سندھ حکومت کیخلاف 23اپریل کو ریلی نکالنے کا اعلان

سندھ سرکار 8سال سے شہری علاقوں کیساتھ متعصبانہ سلوک کر رہی ہے، پیپلز پارٹی نے تعصب کی دیوار کھڑی کر دی ہے،خالد مقبول صدیقی کی پریس کانفرنس

منگل 18 اپریل 2017 21:06

ایم کیو ایم پاکستان کا سندھ حکومت کیخلاف 23اپریل کو ریلی نکالنے کا اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2017ء) ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ حکومت کے خلاف 23 اپریل کو لیاقت آباد سے مزار قائد تک احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے تعصب کی دیوار تعمیر کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے بھی عوامی حقوق کے حصول کے لئے سڑکوں پر آنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان نے 23 اپریل کو لیاقت آباد سے مزار قائد تک ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا۔منگل کو ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادر آباد کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ سرکار آٹھ سال سے شہری علاقوں کے ساتھ متعصبانہ سلوک کر رہی ہے، پیپلز پارٹی نے تعصب کی دیوار کھڑی کر دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ایم کیو ایم نے وائٹ پیپر جاری کیا اسے پیپلز پارٹی کی سیاہ کاری کی وجہ سے بلیک پیپر کہنا چاہئے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ رینجرز کو نوے روز کے لئے خیرات کی طرح اختیارات دینا قومی اداروں کی توہین ہے، جب معاملہ پیپلز پارٹی کی کرپشن کی طرف جاتا ہے تو شور مچایا جاتا ہے، پیپلز پارٹی اداروں کو بھی اپنا غلام سمجھتی ہے۔انہوںنے کہا کہ 23 اپریل کو مزار قائد پر اپنی فریاد لے کر جائیں گے اور اسی روز اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔