قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نشاندہی اور دہشتگردوں کی گرفتاری سے ایسٹر کے موقع پر شہر بڑی تباہی سے بچ گیا،سی سی پی او

اچھرہ اور ٹائون شپ ٹریفک سیکٹرز میں شہری ٹکٹنگ‘ لائسنگ اور چالاننگ کی خدمات حاصل کر سکیں گے، چیف ٹریفک آفیسر

منگل 18 اپریل 2017 20:39

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2017ء) کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور ایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ اچھرہ اور ٹائون شپ ٹریفک سیکٹرز بننے سے آس پاس کے رہنے والوں کو لائسنسنگ کے معاملات میں انتہائی آسانی ہوگی اور ان کو دور دراز جاکر لائسنس بنانے کیلئے وقت ضائع نہیں کرنا پڑیگا، دو روز قبل قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نشاندہی اور دہشگردوں کی گرفتاری سے ایسٹر کے موقع پر شہر بڑی تباہی سے بچ گیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اچھرہ ٹریفک سیکٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر رائے اعجازاحمد، ایس پی صدر سردار آصف، ایس پی ماڈل ٹائون اسماعیل کھاڑک، متعلقہ ڈی ایس پیز، ٹریفک وارڈنز، تاجر رہنما اور جامعہ نعیمیہ کے مہتم اعلیٰ مولانا فضل رحیم بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سی سی پی او نے کہا کہ کیپٹن (ر) سہیل نے ان سیکٹرز کو بنانے کا سوچا اور شہید ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین نے بھی خواہش کا اظہار کیا، آج چیف ٹریفک آفیسر رائے اعجاز نے ان دونوں سیکٹرز کو بناکر عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت اور احسن فریضہ سرانجام دیا ہے جس پر ان کو اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے موجودہ امن و امان کے حوالہ سے کہا کہ اگر ہم اپنے گلی محلوں میں آنکھیں اور کان کھول کر رہیں تو کوئی ہماری جان و مال کا دشمن دہشت گرد یا اس کا سہولت کار سکونت اختیار نہیں کر سکتااور لاہور پولیس نے عوام کے ساتھ مزید رابطہ مضبوط کرنے کیلئے لوکل آئی کے نام سے سوفٹ ویئر متعارف کروایا ہے جس میں لارڈ میئر سے لیکر کونسلر تک ممبران ہیں ،تمام شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنے گلی محلوں کی چھوٹی چھوٹی خبر کو عوامی نمائندوں کے ذریعے ہم تک پہنچائیں اور غیر معمولی سرگرمی کی صورت میں فوراًً متعلقہ تھانہ یا 8330 پرایس ایم ایس کریں۔

چیف ٹریفک آٖفیسر رائے اعجاز احمد نے اچھرہ اور ٹائون شپ ٹریفک سیکٹرز کی افتتاحی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی سی پی اولاہور کی رہنمائی میں اتنے قلیل عرصہ میں 2 ٹریفک سیکٹرز کے ذریعے عوامی سہولت کا آغاز بڑی کامیابی ہے جس کو مزید آگے بڑھائیں گے ۔ شہری ان سیکٹرز سے لرنر، ڈوپلیکیٹ، انٹرنیشنل لائسنس اور خلاف ورزی کی صورت میں چالان جمع کروانے جیسی تمام سہولیات حاصل کر سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :