صوبہ میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ صوبہ میں موجود تمام اقلیتیں اپنے مذہبی عقائد کی ترویج ، تہوار اور رسم و رواج کی ادائیگی میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں ،حکومت نے اعلیٰ ایوان سے لیکر بلدیاتی اداروں تک میں اقلیت کی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لئے مخصوص سیٹیں بھی مختص کی ہیں

گورنر سندھ محمد زبیر کی بشپ آف کراچی صادق ڈینیئل سے ملاقات کے دوران بات چیت

پیر 17 اپریل 2017 22:52

صوبہ میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ صوبہ میں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اپریل2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صوبہ میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ صوبہ میں موجود تمام اقلیتیں اپنے مذہبی عقائد کی ترویج ، تہوار اور رسم و رواج کی ادائیگی میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں ،حکومت نے اعلیٰ ایوان سے لیکر بلدیاتی اداروں تک میں اقلیت کی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لئے مخصوص سیٹیں بھی مختص کی ہیں، تاکہ اقلیت بھی اپنے مسائل کو اعلیٰ ایوان سے لیکر بلدیاتی اداروں میں نہ صرف خود اٹھائیں بلکہ انھیں حل بھی کروائیں،وہ پیر کوگورنر ہائوس میں بشپ آف کراچی صادق ڈینیئل سے ملاقات کررہے تھے، ملاقات میں بشپ آف کراچی صادق ڈینئل نے گورنر سندھ کو اقلیتوں کے مسائل ،کمیونٹی ایریاز میں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں سمیت حائل رکاوٹوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ کی تعمیر و ترقی میں عیسائی برادری نمایاں کردار ادا کررہی ہے با الخصوص شعبہ ہائے زندگی کے تعلق رکھنے اداروں صحت ، تعلیم اور بلدیاتی اداروں میں عیسائی کمیونٹی کے افراد اہم ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اس ضمن میں عیسائی برادری کے تما م مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آف پاکستان اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھار ہے ہیں ، حکومت صوبہ کی تمام اقلیتی برادریوں کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ کمیونٹی ایریاز میں ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام کررہی ہے۔

بشپ آف کراچی صادق ڈینئل نے گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں دیگر اقلیتی برادریوں سمیت عیسائی برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں گورنر سندھ کی دلچسپی خوش آئند ہے۔