پنجاب اسمبلی میں مختلف سیاسی جماعتوں سے ارکان اسمبلی نے تحاریک التوائے کار جمع کروادیں

پیر 17 اپریل 2017 20:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2017ء) پنجاب اسمبلی میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے تحاریک التوائے کار جمع کروائی۔ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ممبر پنجاب اسمبلی احمد خاں بچھر نے چکن باکس کے مرض میں مسلسل اضافہ کے خلاف جبکہ مسلم لیگ (ق) سے تعلقرکھنے والے ممبر اسمبلی عامر سلطان چیمہ نے لیموں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے خلاف تحریک التوا جمع کروائی۔

تحریک انصاف کی جابن سے جمع کروائی گئی تحریک التوا کار کے متن کے مطابق پنجاب بھر میں چکن پاکس کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس مرض کے باعث 12 شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہسپتالوں کے فضلے کے باعث بیماریاں پھیلنے میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے اپنے تحریر کردہ متن میں کہا ہے کہ ہسپتالوں کی انتظامیہ کی غفلت کے باعث فضلے کو حفظان صحت کے اصولوں کے تحت ٹھکانے نہیں لگایا جاتا۔

(جاری ہے)

ممبرصوبائی اسمبلی مسلم لیگ (ق) سے تعلق رکھنے والے عامر سلطان چیمہ نے تحریک التوا کے متن میں تحریر کیا ہے کہ لیموں کی قیمتوں میں بلاجواز ہوشربا اضافہ کیا جارہا ہے۔ اس سے قبل ٹماٹروں اور قیمتیں آسمان سے باتیں کرتی نظر آتی تھیں۔ ٹماٹروں کی قیمت کچھ نیچے آتی ہیں تو لیموں کی قیمتیں بس سے باہر ہو گئی ہیں۔ قیمتوں کو تاجر اپنی من مرضی سے بڑھا رہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ (سعید)