کرپٹ عناصر کا محاسبہ کئے بغیر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔جمشیدالدین کا کا خیل

پیر 17 اپریل 2017 20:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2017ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور انسداد منشیات میاں جمشید الدین کا کا خیل نے کہا ہے کہ کرپٹ عناصر کا محاسبہ کئے بغیر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا جبکہ محاسبہ ایک جرا،ْت مند اور ایماندار سیاسی لیڈر کی سر پرستی میں ہی ممکن ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز نوشہرہ میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں حلقہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اجلاس سے خطاب میںصوبائی وزیر نے کہا کہ کرپٹ عناسر عوام کے آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے نئی صف بندیوں میں مصروف ہیں ایسے حالات میں پاکستان تحریک انصاف کے کار کنوں کو عوام کی صحیح سمت میں راہنمائی کیلئے بھر پور کوشش کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائدین اپنے بے داغ کردار کے حامل ہیں اور کارکن عوام کے سامنے اُن کے سیاسی نظریات اور کردار کو فخر کے ساتھ پیش کر سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کو سیاسی مصلحت اور نظریہ ضرورت کا نام دینے والے عوام اور ملک کے کبھی خیر خواہ نہیں ہو سکتے اور یہ محض اقتدار تک پہنچنے کیلئے طریقہ واردات ہے۔ انہوں نے و ثوق سے کہا کہ اپنے شفاف طرز سیاست کی بدولت آئندہ ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہوگی کیونکہ عوام کو یقین ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائدین کرپٹ عناصرکے محاسبہ کی بھر پور صلا حیت رکھتے ہیں۔