اسٹیٹ بینک کے ہیڈکوارٹر میں ہیری ٹیج میٹنگ رومز کا افتتاح

پیر 17 اپریل 2017 20:38

اسٹیٹ بینک کے ہیڈکوارٹر میں ہیری ٹیج میٹنگ رومز کا افتتاح
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2017ء)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر اشرف محمود وتھرا نے اسٹیٹ بینک ہیڈ کوارٹرز آئی آئی چندریگر روڈ کراچی میں ہیری ٹیج میٹنگ رومز بلڈنگ کا افتتاح کیا۔ اسٹیٹ بینک میوزیم اور آرٹ گیلری کے عقب میں واقع یہ پتھر کی عمارت تقسیم سے پہلے تعمیر کی گئی تھی جس کی چھت فولاد کی تکونی چوب بندی پر مشتمل ہے جو کہ جزوی طور پر منگلور ٹائلوں اور جزوی طور پر ازبسٹاس کی چادروں سے ڈھکی ہوئی ہے۔

بیرک طرز کی اس عمارت کا رقبہ تقریباً چھ ہزار پانچ سو مربع فٹ ہے۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے اس عمارت کی بحالی میں تعاون پر سندھ ورثہ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا اور بحالی کا کام مکمل کرنے پر اسٹیٹ بینک کے عملے کو مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے ماضی کی یاد دلانے والی قدیم عمارات کا تحفظ اس ملک کی موجودہ اور آئندہ نسلوں کی قابل قدر خدمت ہے اور اسٹیٹ بینک کو فخر ہے کہ اس نے اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کیا۔

یاد رہے کہ عمارت کی لوکیشن اور تاریخی پس منظر کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹیٹ بینک کی انتظامیہ نے اکتوبر 2014ء میں اس عمارت کی دوبارہ تزئین و آرائش کا فیصلہ کیا تھا تاکہ اسے کسی مناسب مقصد کے لئے استعمال کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں مختلف تجاویز موصول ہوئی تھیں جن میں کانفرنس رومز و کمیٹی رومز بنانے کی تجویز کو منظور کیا گیا۔ سندھ ورثہ کمیٹی کے ارکان عارف حسن، حمید ہارون اور ڈاکٹر کلیم اللہ لاشاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

حمید ہارون نے ملک کے قومی ورثے کے تحفظ میں گورنر اسٹیٹ بینک کی خدمات کو سراہا کیونکہ یہ قومی ورثے کی دوسری عمارت ہے جسے بینک نے محفوظ کیا ہے اور دوبارہ استعمال کے قابل بنایا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت کم سرکاری ادارے اس مقصد کے لئے شعوری کاوشیں کر رہے ہیں۔ کمیٹی کے ارکان نے اس حوالے سے اسٹیٹ بینک اور گورنر کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔