کاروباری برادری ا سٹاک مارکیٹ میں شفافیت کی حمایت کرتی ہے،میاں زاہد حسین

پیر 17 اپریل 2017 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2017ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ کاروباری برادری حکومت کی جانب سے اسٹاک مارکیٹ کو بہتر انداز میں ریگولیٹ کرنے اور شفافیت میں اضافے کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے، یہ کوششیں ملک کے مالیاتی نظام کو بہتر بنانے کیلئے اہم قدم ہے۔

پیر کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کو بہتر انداز میں ریگولیٹ کرنے کے علاوہ غیر رجسٹرڈ شدہ کرنسی ڈیلرز کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ کرپشن اور دہشت گردی میں کمی لائی جاسکے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ کرنسی ڈیلرز اور ہنڈی کا کاروبار کرنے والوں سمیت ان تمام عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے جو عوام کے اعتماد سے کھیلتے ہیں اور ذاتی مفادات کیلئے مارکیٹ میں غیر حقیقی اتار چڑھائو اورعدم استحکام کا سبب بنتے ہیں تاکہ فنانشل اندسٹری میں شفافیت اور ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب تک عوام کے اربوں روپے لوٹنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا اور عوام کو ان کا سرمایہ واپس نہیں کیا جاتا اس وقت تک عوام کا اعتماد نہ بحال ہوگا اور نہ ہی بد دیانت لوگوں کی حوصلہ شکنی ہو گی۔ منی لانڈرگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی سے ملک سے سرمائے کا فرار مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام گھوسٹ بینک اکائونٹس کھولنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے اور ان اکائونٹس کو بند کیا جائے۔