انسانیت کی خدمت کیلئے عوام فلاحی اداروں سے تعاون بڑھائیں، سکندر حیات خان شیر پائو

پیر 17 اپریل 2017 20:17

انسانیت کی خدمت کیلئے عوام فلاحی اداروں سے تعاون بڑھائیں، سکندر حیات ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیر پائو نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ہیمو فیلیا کے مریضوں کی زندگی بچانے کیلئے فلاحی اداروں کیساتھ مکمل تعاون کریں کیونکہ یہی وہ ادارے ہیں جو امراض خون میں مبتلاء مریضوں کی قیمتی زندگیاں بچانے کیلئے امید کی کرن ہیں اور انسانیت کی خدمت میں اپنا فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز حمزہ فاونڈیشن ویلفیئرہسپتال اینڈ بلڈ سروسز پشاور میں ہیمو فیلیا کے عالمی دن کے موقع پرمنعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ممتاز شعراء پروفیسر آبا سین یوسفزئی اور ناصر علی سید کے علاوہ صحافیوں ، سول سوسائٹی اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے حضرات نے شرکت کی جبکہ سینئر صوبائی وزیر کی قیادت میں ہمو فیلیا ڈے کی مناسبت سے ایک واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

منعقدہ تقرب سے خطاب کے دوران سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمو فیلیا کے عالمی دن کو منانے کا مقصد عوام الناس میں اس مرض کے بارے میں شعور و آگاہی پیدا کرنا،اس کے مریض بچوں اور انکے والدین سے اظہار یکجہتی کرنا اور ان مریضوں کو صحت مند زندگی گزارنے کیلئے مدد فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں اس طرح کی خدمت خلق کا عظیم جزبہ موجود ہے اور حمزہ فاونڈیشن جیسے عظیم ادارے اس جذبے کی زندہ مثال ہیں۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ہیمو فیلیا کے مریضوںکی زندگی کے سانسوں کو رواں دواں رکھنے کیلئے حمزہ فاونڈیشن اور دیگر فلاحی اداروں کے تعاون کیلئے آگے بڑھیں تا کہ یہی ادارے دکھی انسانیت کی خدمت کا فریضہ احسن طریقے سے نبھا سکیں۔ واضح رہے کہ ایک محتاط سروے کے مطابق پوری دنیا میں تقریباً چار لاکھ ہمو فیلیا کے مریض موجود ہیں جبکہ پاکستان میں ان مریضوں کی تعداد 18 ہزار ہے اس طرح خیبر پختونخوا اور فاٹا میں ان مریضوں کی تعداد 3 ہزار کے قریب ہے۔

حمزہ فاونڈیشن کیساتھ اب تک تقریباً 105 مریض رجسٹرڈ ہو چکے ہیںجبکہ یہی فاونڈیشن ان مریضوں کو تقریباً بارہ ہزار تین سو چوبیس بیگز پلازمہ فراہم کر چکا ہے۔ اس سال ہمو فیلیا ڈے کا تھیم -" ہمو فیلیا کے مریضوں کی زندگی کی بقاء کیلئے انکی پکار کو دل و جان سے سننا" ہے اور پوری دنیا اس اہم دن کو بڑے جذبے کیساتھ منا رہی ہے تقریب سے خطاب کے دوران سینئر وزیر نے کہا کہ فلاح عامہ کیلئے حکومت کیساتھ ساتھ مخیرحضرات اور فلاحی اداروں کا کردار مسلم حقیقت ہے اسلیئے ہیمو فیلیا کو شکست دینے کیلئے ان فلاحی اداروں کی مدد کیلئے مخیر حضرات آگے بڑھیں۔

انہوں نے حمزہ فائونڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 11 سالوں سے یہ فائونڈیشن انسانیت کی خدمت کیلئے اپنی خدمت انتہائی جذبے کیساتھ سرانجام دے رہا ہے اور اس ادارے نے انسانی زندگی بچانے کیلے انسانیت کی کافی خدمت کی ہے۔ تقریب سے ابا سین یوسفزئی ، ناصر علی سید، شیر نواز خان ، سبزعلی خان اور اعجاز علی خان نے بھی خطاب کیا جبکہ سینئر وزیر نے حمزہ فاونڈیشن ہسپتال کے مختلف وارڈوں اور حصوں کا معائنہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :