مظفرآباد، متحدہ بلوچ قبائل نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کی حمایت کا اعلان کردیا

بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے‘ علیحدگی کی تحریک کا کوئی وجود نہیں ‘یہ سب دشمن کا ڈرامہ اور سازش ہے۔بھارت کی تما م سازشیں ناکام ہونگی ، چیئرمین شاہوانی قبیلہ سردار ظفراللہ خان شاہوانی

پیر 17 اپریل 2017 19:14

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2017ء) متحدہ بلوچ قبائل نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کی حمایت کا اعلان کردیا ۔ مودی سرکار کے مظالم اب زیادہ دیر نہیں چلیں گے۔ آزادی کشمیریوں کا مقدر بنے گی۔ بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے‘ علیحدگی کی تحریک کا کوئی وجود نہیں ‘یہ سب دشمن کا ڈرامہ اور سازش ہے۔بھارت کی تما م سازشیں ناکام ہونگی ۔

ان خیالات کا اظہار متحدہ بلوچ قبائل کے چیئرمین اور شاہوانی قبیلہ کے سربراہ سردار ظفراللہ خان شاہوانی نے چیئرمین تحریک آزادی جموں وکشمیر عبدالعزیز علوی کے ہمراہ گزشتہ روز مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں بلوچی کشمیریو ں کی تحریک آزادی میں ساتھ دینے کیلئے تیارکھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم مودی سرکار سے کشمیر کو آزاد کرائینگے۔

بلوچستان کے عوام کشمیریوں کیساتھ ہیں۔ مودی کا ظلم اب نہیں چلے گا۔ کشمیر پاکستان کا حصہ تھا ‘ ہے اور رہیگا ۔ کشمیر میں آزادی کی تحریک انشاء اللہ بہت جلد کامیاب ہو گی۔ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی قربانیاں رنگ لائینگی۔حافظ سعید امت مسلمہ کے محسن ہیں ۔ بلوچستان کے زلزلے اور سیلاب میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ آج بلوچ قبائل ان کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

بلوچستان میں تحریک آزادی کشمیر متعارف کرانے میں حافظ سعید کا کردار اہم ہے۔ ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔اس موقع پر عزیز غزالی ‘ مشتاق الاسلام ‘حمید الحسن ‘شوکت جاوید میر‘قاضی شاہد حمید‘ دانیال شہاب ‘اصغر نثار میر‘ شفقت حسین‘راجہ فرخ ممتاز اور دیگر بھی موجود تھے ۔ سردار ظفراللہ خان شاہوانی نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی محبت دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ۔

بلوچی عوام بھی کشمیریوں سے لازوال محبت کرتے ہیں۔ بھارت نے کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں۔ اقوام عالم کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کا نوٹس لے۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک آزادی جموں وکشمیر عبدالعزیز علوی نے بلوچ سردار کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بلوچ عوام کی طرف سے کشمیریوں کی تحریک کی حمایت پر ہم ان کے مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا ۔

جب شہ رگ کٹ جائے تو وجود برقرار نہیں رہتا۔ مکار دشمن شہ رگ کاٹنے کے درپے ہے۔ کشمیری عوام نے آزادی کی خاطر پانچ لاکھ سے زائد جانوں کی قربانیاں دی ہیں ۔وسائل سے بھرپور خوبصور ت وادی کشمیر پر دشمن نے غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے۔کشمیریوں کی پاکستان سے محبت کا یہ عالم ہے کہ وہ پاکستانی پرچم کا کفن پہن رہے ہیں۔ کشمیر میں بچے ‘ بوڑھے ‘ جوان اور خواتین بھارتی مظالم کیخلاف اور آزادی کے حصول کیلئے سڑکوں پر ہیں۔ بھارتی فوج بے بس ہو چکی ہے۔ شاہ زین بگٹی نے بھی 50ہزار جانثار کشمیر کی تحریک آزادی کیلئے فراہم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ بلوچ عوام کی حمایت تحریک آزادی کیلئے آکسیجن ہے۔ انشاء اللہ کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی

متعلقہ عنوان :