بھارت کے فرقہ پرست حکمران جموں وکشمیر میں آگ وآہن اور خون کی ہولی کھیل رہے ہیں،تحریک حریت

بھارتی فورسز کو نہتے کشمیریوں کو قتل کرنے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے، مولانا حافظ بشیر احمد فاروقی کا اجتماع سے خطاب

پیر 17 اپریل 2017 19:11

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیرنے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کو نہتے کشمیریوں کو قتل کرنے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے اور بھارت کے فرقہ پرست حکمران جموں وکشمیر میں آگ وآہن اور خون کی ہولی کھیل رہے ہیں ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق تحریک حریت کے چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر مولانا حافظ بشیر احمد فاروقی کی قیادت میں ایک وفد بٹہ مالوسرینگر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوان چندوسہ بارہ مولہ کے سجاد حسین شیخ کے گھر گیا اور ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

اس موقع پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے سجاد حسین جیسے مزدوری کرنے والے شخص کو بھی نہیں بخشا ۔

(جاری ہے)

تحریک حریت کے ترجما ن نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ عفید احمد چوپان، فیضان مشتاق، جاوید احمد بٹ، رمیز احمد ڈار، محمد الطاف شیخ اور اعجاز احمد ساکن لرو پلوامہ مسلسل گزشتہ 16دنوں سے کاکپورہ تھانے میں نظر بند ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ عفید احمد چوپان نویں جماعت اور فیضان مشتاق ساتویں جماعت کا طالب علم ہے۔ تحریک حریت نے اُن کی مسلسل گرفتاری کی مذمت کی۔ دریں اثنا تحریک حریت کے رہنما تعشوق احمد بانڈے کی قیادت میں ایک وفد نے عادل فاروق کائوسہ، نثار احمد رٹھسونہ اور محمد عمر تانترے بیروہ کے اہلخانہ اظہارِ تعزیت کیا۔ ان تینوں کو بھارتی فورسز نے نام نہاد انتخابات کے دوران شہید کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :