اے اور او لیول کے طلبا کو پاکستانی یونیورسٹیوں میں داخلے کے لئے ٹیسٹ دینا ہو گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 17 اپریل 2017 17:34

اے اور او لیول کے طلبا کو پاکستانی یونیورسٹیوں میں داخلے کے لئے ٹیسٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اپریل 2017ء): اے اور او لیول کے طلبا کو پاکستانی یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے کے لیے آئی بی بی سی (انٹر بورڈ کمیٹی آف چئیر مین) ایکویلنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہو گا۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے تمام سرکاری اور غیر سرکاری یونیورسٹیوں کو جاری خط کے مطابق وہ تمام طلبا جو بیرون ملک سے او لیول اور اے لیول کی تعلیم حاصل کر کے آئے ہیں، کو آئی بی بی سی سے سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا ہو گا۔

خط میں بتایا گیا کہ یہ فیصلہ نیشنل کوالٹی ایشورنس کمیٹی (این کیو اے سی) کے 22 ویں اجلاس میں کیا گیا۔ ایچ ای سی کی جانب سے کچھ پروگرام میں سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کو غیر لازمی بھی قرار دیا گیا ہے۔ خط میں ہدایت کی گئی کہ کسی بھی طالبعلم کو اُردو، اسلامیات اور مطالعہ پاکستان پڑھے بغیر داخلہ نہ دیا جائے۔

(جاری ہے)

جس کے تحت مستقبل میں اور اور اے لیول کے ایسے طلبا جنہوں نے اُردو ، اسلامیات اور مطالعہ پاکستان کی تعلیم حاصل نہیں کی ہو گی،کو یونیورسٹیز میں داخلہ نہیں دیا جائے گا۔

ایچ ای سی نے مزید بتایا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے آئی بی بی سی کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ مزید برآں 31 دسمبر 2016ء کو اے اور او لیول ختم کرنے والے طلبا کی ڈگریز ایچ ای سی سے تصدیق شدہ ہوں گی کیونکہ تب آئی بی بی سی کی پالیسی کے تحت سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کی شرط عائد نہیں کی گئی تھی۔