اسلامی قوانین ‘ اسلامی تہذیب و ثقافت تبدیل کرنے کا کھیل بہت خطرناک اور مہنگا ثابت ہوگا ‘ لیاقت بلوچ

امریکہ نے اسلحہ اور تباہی کے آلات کی نئی جنگ شروع کر دی ہے جس سے عالمی امن اور زیادہ تباہ ہوگا ‘ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

پیر 17 اپریل 2017 16:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2017ء) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکمران سیکولرزم ، ماد رپدر آزاد اور آئین پاکستان سے منحرف اسلوب حکومت کی وجہ سے عوام میں شدت ، لاقانونیت اور عدم برداشت کی وبا ء عام کر رہے ہیں ،سیکولر ، مذہب بے زار قوتیں استعماری قوتوں کے ایجنڈے کی پیروی کر رہی ہیں ، حکمرانوں کو جان لینا چاہیے کہ آئین ، اسلامی قوانین اور اسلامی تہذیب و ثقافت تبدیل کرنے کا کھیل بہت خطرناک اور مہنگا ثابت ہوگا ، حکمران دین بیزار روش بدلیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ صدیقیہ کی سالانہ تقریب ختم بخاری شریف ، حفظ قرآن اور دفاع پاکستان کونسل کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت اورخطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ امریکہ نے افغانستان میں بموں کی ماں بم کا تجربہ کرلیا ۔ روس بموں کے باپ کا تجربہ کرنے کے لیے تیار ہے ۔ چین بموں کا مائی باپ بم تیار کرے گا تو طاقت کا توازن برقرار رہے گا ۔

امریکہ نے اسلحہ اور تباہی کے آلات کی نئی جنگ شروع کر دی ہے جس سے عالمی امن اور زیادہ تباہ ہوگا ۔ دنیا بھر کے غریب مظلوم عوام عزت کی روٹی ،روزی اور جان ، مال اور عزت کا تحفظ چاہتے ہیں ۔ انسانوں کو تباہ کرنے والے آلات کی بجائے دنیا بھر میں مہاجرین کو ضروریات زندگی فراہم کی جائیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ دینی اور نظریہ پاکستان کی حفاظت کی تگ و دو کرنے والی جماعتیں سیکولرزم اور آئین پاکستان سے انحراف کا راستہ روکیں گی ۔ نظام مصطفیؐ ہی عوام کے مسائل کا حل اور آزاد ، خود مختار ، باوقار اور خوشحال پاکستان کا ضامن ہے ۔ دینی قوتوں کا اتحاد فیصلہ کن کردار ادا کرے گا ۔ سیاسی محاذ پر نااہل ، ناکارہ اور عوام دشمن راج کے برج الٹ دے گا ۔