فریزر کی خرابی کی وجہ سے 22 ہزار سال پرانی تاریخ بھاپ بن گئی

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 16 اپریل 2017 23:54

فریزر کی  خرابی کی وجہ سے 22 ہزار سال پرانی تاریخ بھاپ بن گئی
یونیورسٹی آف البرٹا، ایڈمونٹن  کے فریزر کی خرابی کے باعث دنیا میں برف کے نمونوں کے سب سے بڑے ذخیرے سے  برف کا ایک بڑا حصہ پگھل گیا۔
گلیشیات کے ماہر (glaciologist) مارٹن شارپ کا کہنا ہے کہ دنیا میں برف کے کسی بھی ذخیرے کے لیے یہ  سب سے زیادہ بھیانک صورتحال ہوتی ہے۔
برف کے جو نمونے ضائع ہوئے ہیں ان میں بہت سی گیسیں اور ذرات موجود تھے، جس کا تجزیہ کر کے ہزاروں سال پہلے کے موسم کے بارے میں پتا چلایا جا سکتا تھا۔


مارٹن کا کہنا ہے کہ ماضی کے ان گوشوں تک رسائی کوئی عام بات نہیں ہے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی نے حال میں برف کے ایک درجن نمونے حاصل کیے تھے۔ یہ 1.4 کلومیٹر لمبی برف تھی جسے کینیڈین آرکیٹک کی پانچ جگہوں سے حاصل کر کے بڑی احتیاط کے ساتھ  اوٹاوہ سے یونیورسٹی میں منتقل کیا گیا تھا۔برف کو یونیورسٹی کے جس برف خانے میں رکھا گیا تھا اسے 40 لاکھ کینیڈین یا 30 لاکھ امریکی ڈالر کی لاگت سے بنایا گیا تھا۔ کچھ دنوں پر بھی فریزر ٹرپ کرگئے اور گرمی کے الارم بج اٹھے۔فریزر خراب ہونے سے ایک کمرے کا درجہ حرارت 40 ڈگری ہوگیا، جس سے ایک کمرہ سوئمنگ پول کا منظر پیش کرنے لگا۔اس حادثے میں برف کے ذخیرے کا 13 فیصد حصہ متاثر ہوا ہے۔ اس حادثے میں 22 ہزار سالہ تاریخ بھی بھاپ بن گئی ہے۔