وزیر اعظم کی ہدایت پر انجینئر امیر مقام کی مقتول طالب علم کے گھر آمد والد سے تعزیت

واقعہ ظلم و بربریت کی بدترین مثال ہے ، ملزمان کیفر کردار تک پہنچیں گے‘ وزیر اعظم کے مشیر کی بات چیت

اتوار 16 اپریل 2017 21:10

وزیر اعظم کی ہدایت پر انجینئر امیر مقام کی مقتول طالب علم کے گھر آمد ..
صوابی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2017ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام عبدالولی خان یونیورسٹی مر دان کے واقعہ میں قتل ہونے والے طالب علم مشال خان کے خاندان کے ساتھ تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لئے اتوار کی سہ پہر ان کے گھر آئے، مسلم لیگ ن کے مقامی ایم پی اے حاجی محمد شیراز خان کے علاوہ ضلعی صدر حاجی افتخار احمد خان، جنرل سیکرٹری حاجی دلدار خان ، حاجی جاوید شاہ منصور ، محمد اقبال زیدہ وال اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

انجینئر امیر مقام نے مقتول مشال خان کے والد محمد اقبال کے ساتھ اپنی اور وزیر اعظم کی جانب سے دلی تعزیت کااظہار کر تے ہوئے فاتحہ خوانی کی اور کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے سانحہ مر دان یونیورسٹی کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور بہت جلد اصل حقائق سامنے آجائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اس واقعہ کی شدید مذمت کر تے ہیں اور بغیر کسی ثبوت کے نوجوان طالب علم کو قتل کرنا سب سے بڑا ظلم اور بر بریت ہے‘ وفاقی حکومت نے اس واقعہ کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور بہت جلد اس میں ملوث لوگ کیفر کر دار تک پہنچائے جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لے اور سزا و جزا کا تعین کرے، اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے کہا کہ ہم طالب علم مشال خان کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

متعلقہ عنوان :