بدترین لوڈشیڈنگ کا خاتمہ عوام کی مشترکہ آواز ہے ، بلال شیرازی

لوڈ شیڈنگ کے مستقل خاتمہ کے لیے کالا باغ ڈیم ناگزیرہے توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے بڑے آبی ذخائر تعمیر کیے جائیں ، صدر پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ پاکستان

اتوار 16 اپریل 2017 19:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2017ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و مرکزی صدر پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ بھکی پاور پلانٹ کی بندش سے پنجاب میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ بدترین لوڈ شیڈنگ سے عوام پریشانی کا شکار ہیں 16،16گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ عوام کی برداشت سے باہر ہوچکی ہے اور پنجاب کے کئی شہروںمیں عوام سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں ۔

بدترین لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ عوام کی مشترکہ آواز ہے ،انہوںنے کہا کہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہوتی تو میٹرو بس ،میٹرو ٹرین کی طرح عوام کو بجلی کی سہولیات بھی دستیاب ہوتیں لیکن عوام کو2018میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا لالی پاپ دیا جارہا ہے جو درحقیقت موجودہ حکومت کی مدت اقتدار کی تکمیل کا آخری سال ہے ان خیالات کا اظہا ر انہوںنے مسلم لیگ یوتھ ونگ کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے مستقل خاتمہ کے لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم بنائے بغیر سستی بجلی حاصل نہیں ہوگی توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے کالا باغ ڈیم ہی اکسیر نسخہ ہے۔کالا باغ ڈیم سیاست کی نذر ہونے سے ہر برس 560 ارب کا نقصان ہو رہا ہے ۔توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے بڑے آبی ذخائر تعمیر کیے جائیں۔ توانائی بحران آبی ذخائر تعمیر نہ کرنے کی وجہ سے گھمبیر ہوا، حکمران کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا ذکر کیوں نہیں کرتی یہ پاکستان کی بقاء کا مسئلہ ہے اس کی تکمیل سے اڑھائی روپے فی یونٹ والی 4 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی ،تھرمل بجلی پر انحصار کم نہ کیا تو یہ بدبختی ہوگی ۔