ہماری درسگاہوں میں مذہب کے نام پر تشدد کی لہر آگئی تو یہ سب کچھ بہا کر لے جائے گی ،ْ وزیر دفاع خواجہ آصف

پاکستان کسی ایک مذہب یا مسلک کا ملک نہیں ،ْ تمام پاکستانیوں کی ملکیت ہے ،ْ مفکر پاکستان اور بانی پاکستان بڑے روشن خیال لوگ تھے ،ْ نبی کریمؐکی تعلیمات پرعمل نہ ہونے کی صورت میں تباہی مقدر ہو گی ،ْ نوجوانوں کے کردار اور شخصیت کواعلیٰ اور ارفع اقدار کے زیور سے آراستہ کرنے کی والدین اوراساتذہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،ْ تقریب سے خطاب

اتوار 16 اپریل 2017 19:40

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2017ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کسی ایک مذہب یا مسلک کا ملک نہیں ،ْ تمام پاکستانیوں کی ملکیت ہے ،ْ مفکر پاکستان اور بانی پاکستان بڑے روشن خیال لوگ تھے ،ْہماری درسگاہوں میں مذہب کے نام پر تشدد کی لہر آگئی تو یہ سب کچھ بہا کر لے جائے گی ،ْ نبی کریمؐکی تعلیمات پرعمل نہ ہونے کی صورت میں تباہی مقدر ہو گی ،ْ نوجوانوں کے کردار اور شخصیت کواعلیٰ اور ارفع اقدار کے زیور سے آراستہ کرنے کی والدین اوراساتذہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے وہ یونیورسٹی آف گجرات سب کیمپس سیالکوٹ کے طلباء و طالبات میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات پروفیسر داکٹر ضیاء القیوم، ڈائریکٹر یو او جی سب کیمپس سیالکوٹ فیصل منظور، اراکین صوبائی اسمبلی چودھری محمداکرام، گلناز شجاعت ،ایم ایل اے چودھری محمد اسحاق، حاجی ملک سرفراز ، ضلعی صدر پی ایم ایل این سیالکوٹ ادریس باجوہ ، جنرل سیکرٹری سید شجاعت علی پاشا اور نواز بھٹی کے علاوہ کثیر تعداد میں لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے بچوں کے والدین اور اساتذہ نے تقریب میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے پنجاب یونیورسٹی اور باچا خان یونیورسٹی میں ہونے والے حالیہ واقعات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کے رونما ہونے سے پاکستان عالمی میڈیا کی جانب سے سخت تنقیدکی زد میں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وجہ تخلیق کائنات خاتم النبین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآالہ وسلم رحمتہ للعالمین بن کر آئے اور پیار، محبت اور رواداری کاازلی اور ابدی پیغام دیا،اس امن کے پیغام کی تعبیر نفرت ، عدم برداشت، تشد د ، غیر مساوات ، منفی رویوں اور تنگ نظری سے کرنا ناانصافی اور ظلم ہے ۔

انہوں نے کہاکہ مغرب اسلام کو متشدد فوبیا کاشکار قرار دیتا ہے اور دوسری جانب انتہا پسند دہشت گرد اپنے سوا کسی کو مسلمان نہیں سمجھتے اور ساری امہ کو کافر کہتے ہیں ان دونوں سوچوں کے درمیان 1.6ارب مسلمان پھنس کررہ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ خدانخواستہ یہ منفی سوچ ہماری جامعات میں سراعیت کرگئی تو تشدد کی ایسی لہر آئے گی کہ وہ سب کچھ بہا کر لے جائیگی ۔

انہوں نے یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ میں آپ لوگوں کی وساطت سے یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ محبت اور پیار سے بڑا کوئی رشتہ نہیں،ہمارے نبی اکرم ؐ محبت اور روشنی کا مینا ر تھے۔ انہوں نے کہاکہ خدار ااسلام کے پیغام پر محبت کا لبادہ رہنے دیں اور اس کا چہرہ مسخ نہ کریں،یہ محبت صرف میرے اور آپ کے مسلک کیلئے نہیں بلکہ اول سے آخر تک محبت ہی محبت ہے اور جو شخص اس پیغام محبت کو نفرت کی شکل دیتا ہے وہ اسلام کے بنیادی اصولوں کی نفی کرتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کسی ایک مذہب یا مسلک کا ملک نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کی ملکیت ہے اس میں جو بھی بستا ہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب یا فرقہ سے ہو یہ اس کا پاکستان ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مفکر پاکستان اور بانی پاکستان بڑے روشن خیال لوگ تھے ان کاپیغام ، فلسفہ اور شاعری میں نفرت کی گنجائش بھی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دین کے نام پر نفرت پھیلانا سب سے بڑا جرم ہے اس کے سد باب کیلئے ریاست چاہے وفاقی ہو یا صوبائی قانون کی پوری طاقت کے ساتھ بندھ باندھنا چاہیئے ۔

انہوں نے کہاکہ نفرتوں کا مقابلہ نفرت سے نہیں اور نہ ہی متشدد طریقے سے کیا جاسکتا ہے بلکہ آپ ؐ کے ازلی اور ابدی پیغام محبت اور تعلیم کی روشنی سے ہی ممکن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں نئی نسل کو وہ ورثہ منتقل کرنا ہے جو رحمت، انصاف، برداشت، پیارکا ہے اور اگر یہ ہو جاتا ہے تو ہم سمجھ سکتے ہیں ہم نے اپنی زندگیاں ضائع نہیں کیں ۔وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہاکہ علم کا نہ ہونا متشدد سوچ کو جنم دیتا ہے جبکہ علم روشنی ہے اور اس سے متشدد رویوں کے اندھیرے چھٹ جاتے ہیں ۔ تقریب سے وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے بھی خطاب کیا جبکہ وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :