چیئرمین رضا ربانی قابل احترام شخصیت ہیں اور انہیں منا لیں گے،جب ہماری حکومت آئی تو اس وقت ریلویزآخری سانسوں پر تھا لیکن آج یہ محکمہ ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہے ، سی پیک منصوبے سے پاکستان کی تقدیر بد ل جائے گی،وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق

ہفتہ 15 اپریل 2017 23:35

چیئرمین رضا ربانی قابل احترام شخصیت ہیں اور انہیں منا لیں گے،جب ہماری ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2017ء) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ چیئرمین رضا ربانی قابل احترام شخصیت ہیں اور انہیں منا لیں گے ،محکموں کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پوچھے گئے سوالات کا جواب دینا چاہیے اور کچھ کی غفلت کی وجہ سے دیگر کیلئے بھی مسائل پیدا ہوتے ہیں،مزید ٹرینوں کو نجی شراکت داری پر چلانے پر غور کر رہے ہیں ،قوم کو یقین دلاتے ہیں محکمہ ریلویزاپنی خامیاںجلد دور کر لے گا،جعفر ایکسپریس کا چاروں صوبوںکا سفر قومی وحدت کی علامت ہے اور اس پر خیبر پختوانخواہ حکومت کی جانب سے خیر مقدمی بیان آنا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جعفر ایکسپریس کے کوئٹہ سے لاہور پہنچنے پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ، آئی جی ریلویزسمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئی تو اس وقت ریلویزآخری سانسوں پر تھا لیکن آج یہ محکمہ ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہے ۔وسائل کی کمی کے باوجود پاکستان ریلویزکو آگے لے کر جارہے ہیں اور یہ وقت کے ساتھ مزید بہتر اور اہم کامیابیاں حاصل کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے پاکستان کی تقدیر بد ل جائے گی اور اس میں ریلویزکا اہم کردار ہوگا۔محکمے کی بہتری کے لئے ہر شعبے میں اصلاحات کی ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ حادثات سے بچائو کے لئے پھاٹک نظام کو بہتر بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ایکسپریس کو جلد جدید سہولتوں سے آراستہ کر کے چلائیں گے۔ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ ریلویزاپنی خامیوں کو جلد دور کر لے گا ۔

ٹرینوں کو مرحلہ وار اور بتدریج اپ گریڈ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نجی شراکت داری کے لئے قومی اور بین الاقوامی اخبارات میں اشتہار دئیے ہیں اور اس کے بعد کئی اہم کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ ایم ایل Iکے ساتھ مین لائن پر کام کرنے کے قابل ہو جائیں ، اس ماڈل کو مزید بہتر کریں گے اور ریلوے ایک ریگولیٹری باڈی کے طو رپر کام کرتا رہے گا ۔

ہم چاہتے ہیں کہ ریلوے کی استعداد کار کو بڑھائیں اس کے لئے مزید ٹرینوں کو آئوٹ سورس کرنے پر غور رہے ہیںلیکن اس میںیہ طے ہے کہ ہمیں ایک بہتر آمدنی کی گارنٹی ہو۔ انہوںنے چیئرمین رضا ربانی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ سب رضا ربانی کو اچھی طرح جانتے ہیں اور وہ قابل احترام شخصیت ہیں ،وزراء اپنی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں لیکن بعض اوقات ایساموقع آ جاتا ہے جب ایک شیڈول کی وجہ سے دوسرا کام متاثر ہوتا ہے ۔

قومی اسمبلی اور سینیٹ میں جو بھی سوالات پوچھے جائیں محکموں کو ان کے جوابات دینے چاہئیں اور کچھ کی غفلت کی وجہ سے دیگر کیلئے بھی مسائل پیدا ہوتے ہیں ،ہم رضا ربانی کو منا لیں گے اور نظام بہترین انداز میں چلتا رہے گا ۔ انہوںنے جعفر ایکسپریس کے حوالے سے کہا کہ یہ قومی وحدت کی علامت ہے ،خیبر پختوانخواہ حکومت کی طرف سے اس پر خیر مقدمی بیان ضرور آنا چاہیے اور ہم اس کا انتظار کر رہے ہیں۔