ملالہ یوسفزئی کی مشعال خان کے قتل کی مذمت،اس طرح کوئی محفوظ نہیں رہے گا،ویڈیو پیغام

مقتول کے والد سے فون پر بات کی ، انہوں نے امن اور صبر کا پیغام پیش کیا، حوصلے کو سلام کرتی ہوں،امن کی پیامبر

ہفتہ 15 اپریل 2017 13:35

ملالہ یوسفزئی کی مشعال خان کے قتل کی مذمت،اس طرح کوئی محفوظ نہیں رہے ..
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2017ء) نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے مردان میں ہجوم کے ہاتھوں مشعال خان کے قتل کووحشت اور دہشت سے بھرا واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اٹھنے والا مشعال کا جنازہ نہیں بلکہ ہمارے مذہب دین اسلام کے پیغام کا جنازہ تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں اقوام متحدہ کی ’امن کی پیامبر‘ کا کہنا تھا کہ انہوں نے مشعال خان کے والد سے فون پر بات کی۔

ملالہ کا کہنا تھا کہ فون پر بھی مشعال کے والد نے امن اور صبر کا پیغام پیش کیا اور میں ان کے حوصلے اور صبر کے پیغام کو سلام پیش کرتی ہوں۔دین اسلام کے پیغام کو واضح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مذہب کے پیغام کو بھول گئے ہیں جو امن اور صبر کا پیغام دیتا ہے، حضرت محمدؐ نے کبھی نہیں کہا کہ بے صبری سے کام لیں اور دوسرے انسانوں کو قتل کردیں۔

(جاری ہے)

ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ ہم اپنی اقدار، اپنی روایات بھول گئے ہیں، ہم اپنے مذہب کی صحیح ترجمانی نہیں کررہے۔انہوں نے کہا کہ ہم شکایت کرتے ہیں کہ غیر ممالک میں اسلام فوبیا ہے اور وہ ہمارا نام بدنام کررہے ہیں لیکن کوئی ایسا نہیں کررہا، ہم خود آگے آگئے ہیں اور ہم خود ہی مذہب کو بدنام کرنے کے لیے کافی ہیں۔ملالہ نے سب سے درخواست کی وہ اپنے مذہب، اس کی اقدار و تہذیب اور پشتون ولی کو پہچانیں، یہ تمام ہمیں صبر اور امن کا پیغام دیتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں رہنے والے ہر انسان کا حق ہے کہ وہ محفوظ ہو اور اسے پرامن زندگی ملے، اگر ہم ایک دوسرے کو قتل کرتے رہیں گے تو کوئی محفوظ نہیں رہے گا۔انہوں نے اپنے پیغام میں سیاسی جماعتوں ریاستی اداروں درخواست کی وہ خاموش نہ رہیں، امن اور انصاف کے لیے سامنے آئیں اور مشعال خان کے خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :